ابراہیم فائبرز لمیٹڈ نے سی ای او اور چیئرمین کی تقرری کر دی
ابراہیم فائبرز لمیٹڈ (آئی بی ایف ایل ) نے پیر کے روز کمپنی میں اہم تقرریوں کا اعلان کیا ہے۔
یہ تازہ ترین پیش رفت آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے ساتھ بھی شیئر کی گئی ہے۔
نوٹس کے مطابق محمد نعیم مختار، جو اس وقت چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او ) اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، کو نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر دوبارہ مقرر کیا گیا اور مرحوم شیخ مختار احمد کی جگہ بورڈ کے چیئرمین کے طور پر تقرر کیا گیا ہے۔
محمد وسیم مختار، جو اس وقت ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، کو محمد نعیم مختار کی جگہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ( سی ای او) مقرر کیا گیا ہے۔
مزید برآں عبدالحمید بھٹہ، جو اس وقت نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر تھے، کو کمپنی کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹس کے مطابق محمد وقار کو بورڈ میں نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر شامل کیا گیا تاکہ مرحوم شیخ مختار احمد کی رحلت کے باعث خالی نشست پر بقایا مدت کے لیے خدمات انجام دی جا سکیں۔
ابراہیم فائبرز لمیٹڈ (آئی بی ایف ایل ) 1986 میں پاکستان میں بطور پبلک لمیٹڈ کمپنی قائم ہوئی تھی اور یہ پولیئسٹر اسٹاپل فائبر ( پی ایس ایف) اور یارن کی تیاری و فروخت کے شعبے میں سرگرم عمل ہے۔


Comments