پی سی بی اس سیزن میں ملتان سلطانز کو خود چلائے گا ، وسیم اکرم پی ایس ایل کے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر
- محسن نقوی کا کہنا ہے کہ علی ترین کو پی ایس ایل ٹیموں کی بولی میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے وضاحت کی ہے کہ ملتان سلطانز کو اس سیزن میں پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پی پی آر اے) کے قواعد کے تحت پی سی بی خود چلائے گا، جبکہ فرنچائز مینجمنٹ کے حوالے سے اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔
پی سی بی چیئرمین نے یہ بات لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی، جس میں انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)، ملتان سلطانز، یوتھ کرکٹ، فٹنس معاملات اور آئندہ سیریز سے متعلق اہم اعلانات کیے۔ انہوں نے زور دیا کہ پی سی بی کی اولین ترجیح کرکٹ کا فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش ہے۔
ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کسی بھی سطح پر روابط برابری کی بنیاد پر ہوں گے۔ اگر بھارتی کھلاڑی ہاتھ ملانے پر آمادہ نہیں تو پاکستان کو بھی اس کی کوئی خواہش نہیں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی بولی 8 جنوری کو ہوگی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی فرنچائزز مناسب قیمت پر فروخت ہوں گی، جس سے پاکستان کو فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ سابق قومی کپتان وسیم اکرم کو پی ایس ایل کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کے آغاز کی خواہش 23 مارچ سے ظاہر کی۔
ڈومیسٹک اور یوتھ کرکٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان شاہینز اور مختلف ایج گروپ ٹیموں کے تربیتی کیمپس قائم کیے گئے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ فٹنس کے مسائل کے حل کے لیے انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر جاوید مغل 11 جنوری سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور اور فیصل آباد میں اسکول کرکٹ مکمل ہو چکی ہے، جو مستقبل کے کھلاڑیوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کرے گی۔
پی سی بی چیئرمین نے نیوز چینلز پر زور دیا کہ دیگر کھیلوں کی ترویج کے لیے بھی کوریج دی جائے اور کہا کہ وہ اس معاملے کو وزارتِ اطلاعات و نشریات کے سامنے بھی اٹھائیں گے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین پی ایس ایل ٹیموں کی بولی میں حصہ لینے کے لیے آزاد ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے تصدیق کی کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آئندہ سیریز تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہوگی، جبکہ ریڈ بال کوچ سے متعلق فیصلہ جلد کیا جائے گا۔


Comments