خیبر پختونخوا میں تیل و گیس کی دریافت
- کمپنی کے مطابق یہ ناشپا بلاک میں کنگریالی فارمیشن سے تیل اور گیس کی پہلی دریافت ہے
آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ او جی ڈی سی ایل نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں نوشپا بلاک کے ایکسپلوریٹری ویل بارگزئی X-01 میں تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
یہ اطلاع کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں دی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ ناشپا بلاک میں کنگریالی فارمیشن سے تیل اور گیس کی پہلی دریافت ہے۔
او جی ڈی سی ایل نے بتایا کہ کنواں یومیہ 2,280 بیرل تیل اور 5.6 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس پیدا کر رہا ہے، 32/64 انچ چوک سائز کے ذریعے، جبکہ ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر 2400 پی ایس آئی ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ بارگزئی X-01 کنواں 24 دسمبر 2024 کو ایک ایکسپلوریٹری ویل کے طور پر کھودنا شروع کیا گیا اور اسے 5,170 میٹر گہرائی تک کنگریالی فارمیشن میں کھودا گیا، جہاں ٹریاسک ایج کے تقریباً 90 میٹر موٹے حصے کا پتہ چلا۔
کمپنی کے مطابق ہائیڈروکاربن کے حوصلہ افزا شواہد اور اوپن ہول وائر لائن لاگز کی بنیاد پر کیسڈ ہول ڈرل اسٹیم ٹیسٹ (ڈی ایس ٹی) کامیابی سے مکمل کیا گیا۔
او جی ڈی سی ایل نے کہا کہ یہ اہم دریافت علاقے میں گہرے ایکسپلوریشن کے خدشات کم کرتی ہے اور مقامی وسائل کے ذریعے توانائی کی طلب و رسد کے فرق کو کم کرنے میں مدد دے گی۔ اس کے علاوہ کمپنی، اس کے جوائنٹ وینچر پارٹنرز اور ملک کے ہائیڈروکاربن ریزروز میں اضافہ کرے گی۔
نوٹس کے مطابق او جی ڈی سی ایل نوشپا ایکسپلوریشن لائسنس کا آپریٹر ہے اور اس میں 65 فیصد ورکنگ انٹرسٹ رکھتا ہے، جبکہ جوائنٹ وینچر پارٹنرز میں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ پی پی ایل کا حصہ 30 فیصد اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ جی ایچ پی ایل کا 5 فیصد کیرائیڈ انٹرسٹ ہے۔


Comments
Comments are closed.