سی سی پی نے فِیڈیلیٹی انفارمیشن سروسز کو ٹوٹل سسٹم کے حصول کی منظوری دیدی
- ایف آئی ایس ملک میں بنیادی بینکاری سافٹ ویئر سلوشنز فراہم کرتی ہے
کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان(سی سی پی) نے جاری بیان میں کہا ہے کہ اس نے گلوبل پیمنٹس انک سے فِیڈیلیٹی نیشنل انفارمیشن سروسز انک (ایف آئی ایس) کی جانب سے ٹوٹل سسٹم سروسز ایل ایل سی (ٹی ایس وائی ایس) کے حصول کی منظوری دے دی ہے۔
بیان کے مطابق ایف آئی ایس اس وقت پاکستان میں بنیادی بینکاری سافٹ ویئر سلوشنز فراہم کرتی ہے اور مالیاتی اداروں کے ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کی معاونت کرتی ہے۔ دوسری جانب ٹی ایس وائی ایس کارڈ پروسیسنگ سسٹمز فراہم کرتی ہے اور مقامی مارکیٹ میں صرف دو بینکوں کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ چونکہ دونوں ادارے فِن ٹیک سروسز کے مختلف شعبوں میں کام کرتے ہیں اور ایک دوسرے کے مقابلے میں نہیں ہیں، اس لیے کمیشن نے نتیجہ اخذ کیا کہ مجوزہ خریداری سے کسی قسم کے مسابقتی خدشات پیدا نہیں ہوتے۔
بیان کے مطابق یہ لین دین نہ تو کسی ادارے کی بالادستی پیدا کرے گا یا مضبوط کرے گا اور نہ ہی متعلقہ مارکیٹس میں مسابقت میں کسی نمایاں کمی کا باعث بنے گا۔
سی سی پی نے اس انضمام کی منظوری مسابقتی ایکٹ 2010 کی دفعہ 31(1)(ڈی)(آئی) کے تحت دی، جو اس صورت میں اجازت سے متعلق ہے جب کوئی مسابقتی مسئلہ نہ پایا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کمیشن نے کریسٹ گارمنٹس انٹرنیشنل (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی جانب سے اسٹینڈفارم پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے لین دین کی بھی منظوری دی تھی۔


Comments
Comments are closed.