پاکستان نے جنوبی افریقا کو پہلے ون ڈے میچ میں 2 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
فیصل آباد کے تاریخی اقبال کرکٹ اسٹیڈیم میں 17 سال بعد بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہوگئی۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم 49.1 اوورز میں 263 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تاہم پاکستان نے 264 رنز کا ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بلے بازی کی دعوت تو کوئنٹن ڈی کوک اور وان ڈرے پریٹوریئس نے ٹیم کو 98 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، پریٹوریئس 57 رنز بناکر صائم ایوب کا شکار بنے۔
ڈی کوک نے ٹونی ڈی زورزی کے ساتھ ملکر 43 رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی وہ 63 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے جبکہ زورزی 18 رنز بناکر صائم ایوب کی باؤلنگ پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔

پروٹیز کپتان میتھیو بریٹزکے نے 42 رنز کی اننگز کھیلی، ڈیبیو کرنے والے سینیتمبا قیشیلے 22 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، ڈونووین فریرا 3، جارج لنڈے 2، رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ کاربن بوش نے 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
اس طرح جنوبی افریقا کی ٹیم پورے 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 49.1 اوورز میں 263 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی اور یوں پاکستان کو جیت کے لیے 264 رنز کا ہدف مل گیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے ابرار احمد اور نسیم شاہ نے 3،3 صائم ایوب 2 جب کہ محمد نواز اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے 264 رنز کا ہدف 49.4 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے جنوبی افریقا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے 62، محمد رضوان نے 55 اور ٹاپ آرڈر بیٹر فخر زمان نے 45 رنز بنا کرقومی ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔ اس کے علاوہ صائم ایوب 39، بابر اعظم 7، حسین طلعت 22 ، حسن نواز ایک اور محمد نواز 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیڈی، ڈونووین فریرا اور کوربن بوش نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جارج لنڈے اور بجورن فورچوئن نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے میچ 2 وکٹوں سے جیت کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا دوسرا ون ڈے جمعرات کو فیصل آباد میں ہی کھیلا جائے گا۔


Comments
Comments are closed.