ملائیشیا نے پاکستان کو پام آئل کی برآمدات میں اضافے کی خواہش کا اظہار کیا ہے تاکہ پاکستان کے فوڈ پراسیسنگ اور مینوفیکچرنگ سیکٹر میں بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔ یہ عزم وزیراعظم شہباز شریف کے تین روزہ سرکاری دورۂ ملائیشیا کے دوران ظاہر کیا گیا، جہاں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے ماحول دوست طریقوں کو برقرار رکھتے ہوئے ایک مستحکم اور پائیدار سپلائی چین کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری کیے گئے پاکستان۔ملائیشیا مشترکہ اعلامیے کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے حلال مصنوعات اور خدمات کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی طلب کو تسلیم کیا اور اس شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں ممالک حلال سرٹیفکیشن کے باہمی اعتراف، حلال فوڈ سپلائی اور مینوفیکچرنگ کے فروغ اور حلال سرٹیفکیشن کے بہترین طریقہ کار کے تبادلے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 5 تا 7 اکتوبر 2025 ملیشیا کا سرکاری دورہ کیا۔ وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا باضابطہ دورہ تھا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان۔ملائیشیا مشترکہ کمیشن کا اجلاس جلد از جلد وزرائے خارجہ کی سطح پر دوبارہ بلایا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق، دونوں وزرائے اعظم نے تجارت و سرمایہ کاری میں اضافے کے امکانات پر اطمینان کا اظہار کیا اور متوازن و پائیدار معاشی تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نےملائیشیا ۔ پاکستان قریبی اقتصادی شراکت داری معاہدہ کے مؤثر استعمال، مارکیٹ تک رسائی میں آسانی اور کاروباری سہولتوں میں بہتری پر زور دیا۔
دونوں ممالک نے پائیدار زرعی طریقوں، مشترکہ تحقیق، اختراعات، اور ماحول دوست پیداوار کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔ دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید گہرا کرنے، خصوصاً دفاعی سائنس، ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبے میں علم و مہارت کے تبادلے پر بھی رضامندی ظاہر کی گئی۔
عوامی روابط بڑھانے کے لیے ہوائی خدمات میں بہتری، فضائی راستوں میں توسیع اور سیاحت کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ ملائیشیا نے پاکستانی سیاحوں کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھنے کا عزم ظاہر کیا جبکہ دونوں ممالک نے سیاحتی معلومات اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کی آسیان چیئرمین شپ کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور خطے میں امن و خوشحالی کے لیے ملائیشیا کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ دورے کے اختتام پر وزیراعظم نے اپنے اور وفد کے لیے ملائیشیا کی حکومت کی جانب سے دی گئی گرم جوش مہمان نوازی پر گہری قدردانی کا اظہار کیا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025


Comments
Comments are closed.