ٹھٹہ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ی ایچ سی سی ایل) نے اپنی پیداواری صلاحیت بڑھانے یا کسی فعال کمپنی کے حصول کے لیے 5.5 ارب روپے کے سکوک کے اجرا کی منظوری دے دی ہے۔
لسٹڈ کمپنی نے پیر کو یہ پیشرفت پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری نوٹس میں ظاہر کی۔
نوٹس کے مطابق ڈائریکٹرز کے بورڈ نے مختلف اختیارات کا جائزہ لینے کے بعد سکوک کے اجرا کی منظوری دی جس میں 500 ملین روپے کا گرین شو آپشن بھی شامل ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گرین شو آپشن ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) میں ایک شق ہے جو انڈر رائٹرز کو اجازت دیتی ہے کہ اگر اسٹاک کی طلب زیادہ ہو تو وہ اصل پیشکش کی قیمت پر ابتدائی منصوبے سے 15 فیصد زیادہ شیئرز فروخت کر سکیں۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ فنڈز، کمپنی کے اندرونی ذرائع کے ساتھ مل کر، موجودہ پیداوار کی صلاحیت بڑھانے یا پہلے سے فعال کسی کمپنی کے حصول کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ اس اقدام کے ذریعے کمپنی ترقی کی رفتار تیز کرنے، آمدنی کے ذرائع متنوع بنانے اور مارکیٹ میں اپنی مسابقتی پوزیشن کو مضبوط کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان سرمایہ کاریوں سے پائیدار منافع، طویل مدتی منافعیت میں اضافہ اور شیئر ہولڈرز کے لیے زیادہ قدر پیدا ہونے کی توقع ہے۔
ٹی ایچ سی سی ایل کو 1980 میں پاکستان میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹر کیا گیا۔ کمپنی سیمنٹ کی تیاری اور مارکیٹنگ کے ساتھ ساتھ ٹھٹہ پاور (پرائیوٹ) لمیٹڈ کی ملکیت بھی رکھتی ہے۔
اپریل میں کمپنی نے سندھ کے شہر ٹھٹہ میں 4.8 میگاواٹ ونڈ پاور پروجیکٹ مکمل کیا اور کمیشن کر دیا، جس کے بعد کمپنی کی قابل تجدید توانائی سے کل انسٹال شدہ صلاحیت 9.8 میگاواٹ ہو گئی، جس میں 5 میگاواٹ سولر انسٹالیشن بھی شامل ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ منصوبہ ایک اہم سنگ میل ہے کیونکہ یہ شیڈول سے پہلے مکمل ہوا اور 3 اپریل 2025 کو آپریشنز شروع ہو گئے۔ سیمنٹ ساز کمپنی نے مزید کہا کہ قابل تجدید توانائی میں سرمایہ کاری نہ صرف لاگت میں کمی کا سبب بنتی ہے بلکہ ملک کی فوسل ایندھن پر انحصار کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔


Comments
Comments are closed.