نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جمعرات کے روز اگست سے اکتوبر 2025 تک کے لیے بجلی کے یکساں نرخ میں 1.89 روپے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کمی مالی سال 2024-25 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے 55 ارب 87 کروڑ 40 لاکھ روپے کی منفی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کی گئی ہے۔ یہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ تمام صارفین پر یکساں طور پر لاگو ہوگی، سوائے لائف لائن اور پری پیڈ صارفین کے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ سہ ماہی منفی ایڈجسٹمنٹ 1.8881 روپے فی یونٹ کے حساب سے اگست سے اکتوبر 2025 کے دوران نافذ العمل ہوگی اور یہ تمام صارف کیٹیگریز پر لاگو ہوگی، ماسوائے XWDISCOs کے لائف لائن اور پری پیڈ صارفین کے۔
نیپرا نے مزید وضاحت کی ہے کہ یہ ایڈجسٹمنٹ کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی اسی طرح لاگو ہوگی، سوائے لائف لائن اور پری پیڈ صارفین کے۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے نیپرا کی جانب سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر عوامی سماعت کے دوران بھی 1.80 روپے فی یونٹ تک کی منفی ایڈجسٹمنٹ کا عندیہ دیا گیا تھا۔


Comments
Comments are closed.