بیکو اسٹیل لمیٹڈ (بیکو) نے اپنی پہلی تانبے کی سِل (کاپر انگوٹ) کی برآمدی کھیپ کامیابی کے ساتھ ہانگ کانگ، چین روانہ کر دی ہے۔
یہ پیش رفت کمپنی کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ نوٹس میں بتائی گئی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ہمیں یہ اطلاع دیتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ بیکو اسٹیل لمیٹڈ نے کمپنی کے خام مال کے ری میلٹ ایبل اسکریپ سے علیحدہ کیے گئے تانبے سے تیار کردہ پہلی برآمدی کھیپ کامیابی سے ہانگ کانگ، چین روانہ کی ہے، جو ہماری کاروباری توسیع کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ ابتدائی کھیپ ہے لیکن اس اقدام کو ایک نئی اور امید افزا سمت کی شروعات قرار دیا جا رہا ہے اور مستقبل میں برآمدات کے شعبے میں مزید ترقی کی توقع کی جا رہی ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ قدم ہماری حکمتِ عملی کا حصہ ہے تاکہ آمدنی کے ذرائع میں تنوع لایا جائے اور شیئر ہولڈرز کی قدر میں اضافہ کیا جا سکے۔
بیکو اسٹیل لمیٹڈ، سابقہ راوی ٹیکسٹائل ملز، ایک عوامی لمیٹڈ کمپنی کے طور پر پاکستان میں رجسٹرڈ ہے۔
بی ای سی او (بیکو) ایک مکمل مربوط اسٹیل تیار کرنے والی کمپنی ہے، جو اسکریپ سے لے کر بلِٹ اور مختلف حتمی مصنوعات تک، جن میں خصوصی اسٹیل بھی شامل ہے، اسٹیل مصنوعات کی وسیع رینج تیار کرتی ہے۔


Comments
Comments are closed.