پاکستان

بلاول بھٹو کا سیاسی نظام میں نئی اصلاحات پر زور، نظام کی ناکامی پر بحث کا مطالبہ

  • پاکستان کے ناکارہ نظام کی اصلاح اور عوامی مسائل کے حل کے لیے پارلیمانی اتفاقِ رائے ناگزیر ہے، چیئرمین پی پی پی
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں سیاسی، جمہوری اور عوامی سطح پر نئے آغاز کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نظام کی اصلاح کے لیے اقدامات غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ہونے چاہئیں اور ان کا آغاز پارلیمنٹ سے ہونا چاہیے۔

کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ نظام تباہ ہو چکا ہے، لیکن اس بات پر کوئی بحث نہیں ہو رہی کہ آخر یہ نظام تباہ کیوں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ نظام کی بہتری کے لیے تجویز کردہ اقدامات بنیادی مسائل حل نہیں کریں گے۔ نظام کی بحالی کے ساتھ عوام کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ نظام کی بہتری کے لیے جس سیاسی اور جمہوری تبدیلی کی ضرورت ہے، اس کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، اپوزیشن، عدلیہ اور قانونی برادری سمیت تمام متعلقہ فریقوں سے بات چیت کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی اصلاحات اتفاقِ رائے سے متعارف کرانا ضروری ہیں، تاکہ ہر پاکستانی کو ان اصلاحات پر اعتماد ہو اور ججوں کو بھی عدالتی نظام پر بھروسا ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی، عوامی اور جمہوری تبدیلی سے پہلے ان بنیادی مسائل کو حل کرنا ہوگا۔ ایسی تبدیلی کے بغیر عوام کو درپیش بنیادی مشکلات کا ازالہ ممکن نہیں ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے عوام کو اس قدر مشکل حالات سے گزرتے ہوئے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ معاشی بحران کے باعث غریب، مزدور اور تنخواہ دار متوسط طبقے کے خاندان شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ عالمی حالات کے اثرات سے یہ بحران مزید سنگین ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان ہیں، جبکہ والدین کے لیے یہ فیصلہ کرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے کہ وہ اپنے محدود وسائل بچوں کی تعلیم پر خرچ کریں یا گھر کے لیے بنیادی غذائی ضروریات پوری کریں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے سیاست دانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوامی مسائل سے توجہ ہٹا لی ہے۔ سیاست دان تقریباً ہر معاملے پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن مہنگائی، بے روزگاری اور عام شہریوں کی مشکلات کو ترجیح دینے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے بڑھتی ہوئی قیمتوں اور بے روزگاری کے حل کے لیے سنجیدہ غور و خوض کی ضرورت پر زور دیا۔

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث پر تبصرہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ نظام کی تباہی پر بات کرتے ہوئے اس کی خرابی کی وجوہات پر بھی غور کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو سیاسی، جمہوری اور عوامی سطح پر نئے آغاز کی ضرورت ہے اور اگر سیاسی نظام کی ازسرِنو تشکیل کرنی ہے تو اس عمل کا آغاز پارلیمنٹ سے ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ نظام کو تباہ کر دیا گیا ہے اور اب اس کی بحالی کے ساتھ عوام کا اعتماد بھی بحال کرنا ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کو حکومت پر تنقید کا حق حاصل ہے

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی حکومت پر تنقید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے انہیں ایک سینئر سیاست دان قرار دیا جو مثبت سیاست کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ہر فیصلے کی حمایت کرنا ضروری نہیں اور مولانا فضل الرحمان کو حکومت پر تنقید کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیانات کا جواب جوابی بیانات سے دینے کے بجائے سیاسی رہنماؤں کو ان کے اختلافی مؤقف کے حوالے سے جمہوری رواداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی نظام کی ازسرِنو تشکیل کے لیے سیاسی انتقامی کارروائیوں کا خاتمہ بھی ضروری ہے، جبکہ میڈیا اداروں اور ارکان پارلیمنٹ کو آزادانہ طور پر اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔

پاکستان میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہونا چاہیے، بلاول

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے ایسے سیاسی ماحول پر سوال اٹھایا جس میں وزرائے اعظم بار بار جیل پہنچ جاتے ہیں اور بعض اوقات رہائی کے بعد دوبارہ اقتدار میں بھی آ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا ہوگا، اگر آج نہیں تو کل۔سیاسی انتقامی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے لوگوں کو کمزور کیا جاتا ہے اور پھر ان سے سوال کیا جاتا ہے کہ وہ سیدھے کھڑے ہونے کے قابل کیوں نہیں رہے۔

خیبرپختونخوا میں گورنر راج ختم کرنے کا مطالبہ

خیبرپختونخوا کی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے صوبے میں گورنر راج ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے میڈیا کے اثر و رسوخ کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ قلم کی طاقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، یہ حکومتیں بنا بھی سکتی ہے اور گرا بھی سکتی ہے۔

انہوں نے میڈیا اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی تجاویز پیش کریں اور یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی آزادی صحافت کے لیے پارلیمنٹ میں آواز بلند کرے گی۔