پینتھر ٹائرز نے 3.5 میگاواٹ کا شمسی توانائی کا نظام نصب کرلیا
- کمپنی کی اپنی ضروریات کے لیے شمسی بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت بڑھ کر 6 میگاواٹ ہوگئی
پینتھر ٹائرز لمیٹڈ (پی ٹی ایل) نے اپنی فیکٹری میں 3.5 میگاواٹ کا شمسی توانائی کا پلانٹ کامیابی سے فعال کردیا ہے، جس کے بعد کمپنی کی اپنی ضروریات کے لیے شمسی توانائی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت بڑھ کر 6 میگاواٹ ہوگئی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو منگل کے روز جمع کرائی گئی ایک رپورٹ میں کمپنی نے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا کہ پینتھر ٹائرز لمیٹڈ نے اپنی فیکٹری میں 3.5 میگاواٹ کا شمسی توانائی کا پلانٹ کامیابی سے فعال کردیا ہے۔ اس اضافی صلاحیت کے شامل ہونے سے کمپنی کی مجموعی شمسی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 6 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔
پینتھر ٹائرز کے مطابق یہ اقدام ماحولیاتی پائیداری اور ماحولیاتی، سماجی اور انتظامی امور سے متعلق کمپنی کے وسیع تر اہداف کے حصول کے عزم کا اظہار ہے۔ اس منصوبے کا مقصد کاربن کے اخراج میں کمی اور قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
کمپنی نے اس سے قبل بتایا تھا کہ شمسی توانائی کی جانب منتقلی سے پیداواری لاگت میں بچت اور سالانہ تقریباً 4,700 میٹرک ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی متوقع ہے۔
منصوبے کی تفصیلات کے مطابق اس میں جدید اور زیادہ استعداد کے حامل جنکو کے 720 واٹ کے سولر پینلز اور ہواوے کے انورٹرز نصب کیے گئے ہیں۔
پاکستان میں متبادل توانائی کے ذرائع، خصوصاً شمسی توانائی کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، جبکہ گھریلو اور تجارتی شعبوں میں بھی سولر سسٹمز کی مقبولیت بڑھ رہی ہے۔
واضح رہے کہ پینتھر ٹائرز نے گزشتہ سال بھی اپنی پیداواری تنصیب میں 2.5 میگاواٹ کا شمسی توانائی کا نظام فعال کیا تھا۔
پاکستان میں 1983 میں پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم ہونے والی پینتھر ٹائرز کو 2003 میں پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ کمپنی کا بنیادی کاروبار گاڑیوں کے لیے ٹائرز اور ٹیوبز کی تیاری اور فروخت ہے۔
کمپنی پیداواری لاگت کم کرنے اور اپنی منڈیوں کو وسعت دینے کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے۔ جولائی 2026 میں پی ٹی ایل نے مالیاتی اخراجات مزید کم کرنے کے لیے 2 ارب روپے مالیت کے سکوک سرٹیفکیٹس کی ادائیگی کردی تھی۔
اس کے علاوہ کمپنی اپنی فروخت کو متنوع بنانے اور آمدنی کا مستحکم سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے نئی جغرافیائی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے اور نئی مصنوعات متعارف کرانے پر بھی کام کررہی ہے۔