مارکٹس

مشرقِ وسطیٰ کشیدگی، دبئی ایئرپورٹ پر نو ماہ کے دوران مسافروں کی آمدورفت میں 28.1 فیصد کمی

  • توقع ہے کہ رواں سال ایئرپورٹ پر مسافروں کی مجموعی آمدورفت 7 کروڑ تک پہنچ جائے گی، چیف ایگزیکٹو آفیسر دبئی ایئرپورٹس
شائع اپ ڈیٹ

دبئی ایئرپورٹس کے آپریٹر نے منگل کو بتایا کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (ڈی ایکس بی) پر 2026 کے پہلے نو ماہ کے دوران 5 کروڑ 4 لاکھ مسافروں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 28.1 فیصد کم ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں نے خطے میں فضائی سفر کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

رواں سال جنگ کے باعث خطے بھر میں فضائی سفر شدید متاثر ہوا کیونکہ تنازع کے ابتدائی مرحلے میں متعدد ممالک نے وقفے وقفے سے اپنی فضائی حدود بند کردی تھیں۔

دنیا کی بڑی بین الاقوامی فضائی کمپنیوں میں شمار ہونے والی خلیجی ایئرلائنز نے بتدریج اپنی پروازیں بحال کردی ہیں، تاہم یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حالیہ حملوں کے بعد فضائی سفر کی مکمل بحالی کے امکانات غیر یقینی ہوگئے ہیں۔

بین الاقوامی فضائی سفر کے مصروف ترین مراکز میں شامل دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تیسری سہ ماہی کے دوران 1 کروڑ 88 لاکھ مسافروں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں 22.1 فیصد کم ہے۔

دبئی ایئرپورٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پال گریفتھس نے ایک بیان میں کہا کہ ادارے کو توقع ہے کہ رواں سال ایئرپورٹ پر مسافروں کی مجموعی آمدورفت 7 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔

دبئی ایئرپورٹس کے مطابق جنگ کے باعث خطے کے لیے پروازیں معطل کرنے والی بعض فضائی کمپنیوں نے حالیہ مہینوں میں دبئی کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کردی ہیں جن میں برٹش ایئرویز بھی شامل ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سال کے دوران براہِ راست اور ٹرانزٹ مسافروں کی آمدورفت میں مجموعی طور پر توازن برقرار رہا۔ یہ ایئرپورٹ نہ صرف دبئی آنے والے مسافروں کے لیے ایک اہم داخلی راستہ ہے بلکہ عالمی فضائی سفر کے لیے بھی ایک اہم رابطہ مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔