مارکٹس

ملائیشین پام آئل کی قیمت میں ایک فیصد سے زائد کمی، چار روزہ تیزی کا سلسلہ ٹوٹ گیا

  • پام آئل کا بینچ مارک معاہدہ79 رنگٹ، کمی کے ساتھ 4,468 رنگٹ فی میٹرک ٹن پر آ گیا
شائع اپ ڈیٹ

ملائیشیا میں پام آئل کے فیوچر معاہدوں کی قیمتوں میں منگل کو ایک فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے ساتھ ہی مسلسل چار سیشنز سے جاری تیزی کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔ اس کمی کی وجہ دیگر خوردنی تیلوں کی قیمتوں میں کمزوری بتائی گئی۔ تاہم کم قیمتوں پر خریداری کے باعث نقصانات کی شدت میں کسی حد تک کمی آئی۔

برسا ملائیشیا ڈیریویٹوز ایکسچینج میں فروری میں ترسیل کے لیے پام آئل کا بینچ مارک معاہدہ دوپہر کے وقفے تک 79 رنگٹ، یعنی 1.74 فیصد کمی کے ساتھ 4,468 رنگٹ فی میٹرک ٹن پر آ گیا جو 1,091.62 امریکی ڈالر کے مساوی ہے۔

کوالالمپور میں مقیم ایک تاجر کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں راتوں رات 3 فیصد کمی کے بعد خوردنی تیلوں کی مجموعی مارکیٹ میں وسیع پیمانے پر کمزوری دیکھنے میں آئی جس کے نتیجے میں پام آئل مارکیٹ کو فروخت کے شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔

تاجر نے مزید کہا کہ معاہدے کو مسلسل فروخت کے دباؤ کا سامنا رہا، تاہم کم قیمتوں پر خریداری سامنے آنے کے بعد نقصانات کی شدت میں کمی واقع ہوئی۔

تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ یہ توقعات ہیں کہ مشرقِ وسطیٰ سے برآمدات کی بحالی کے نتیجے میں عالمی منڈی میں رسد ضرورت سے زیادہ ہوجائے گی۔ ان توقعات نے خطے میں آئل ٹینکرز پر مسلسل حملوں اور وسیع تر جغرافیائی سیاسی کشیدگی سے متعلق خدشات کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

خام تیل کے فیوچر معاہدوں کی قیمتوں میں کمی کے باعث پام آئل بائیو ڈیزل کی تیاری کے خام مال کے طور پر نسبتاً کم پرکشش ہوجاتا ہے۔

دالیان کی اجناس کی منڈی میں سویابین آئل کے سب سے زیادہ فعال معاہدے کی قیمت میں 1.91 فیصد کمی ہوئی جبکہ پام آئل کے معاہدے کی قیمت 2.35 فیصد گر گئی۔

شکاگو بورڈ آف ٹریڈ میں سویابین آئل کی قیمتوں میں بھی 0.45 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ پام آئل کی قیمتوں کا انحصار دیگر مسابقتی خوردنی تیلوں کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں پر ہوتا ہے۔

پام آئل کی تجارتی کرنسی ملائیشین رنگٹ کی قدر ڈالر کے مقابلے میں 0.15 فیصد مضبوط ہوئی جس کے باعث غیر ملکی کرنسی رکھنے والے خریداروں کے لیے پام آئل قدرے مہنگا ہو گیا۔

کارگو سروے کرنے والے اداروں کے اندازوں کے مطابق یکم سے 15 نومبر کے دوران ملائیشیا سے پام آئل مصنوعات کی برآمدات گزشتہ ماہ کے اسی عرصے کے مقابلے میں 1 سے 3.9 فیصد تک کم ہوئیں۔

رائٹرز کے تکنیکی تجزیہ کار وانگ تاؤ کے مطابق پام آئل کی قیمت دوبارہ گر کر 4,441 رنگٹ فی میٹرک ٹن کی سطح تک آ سکتی ہے جو ویو ڈی کی نچلی سطح کے قریب ہے۔