آئی جی آئی انویسٹمنٹس کی نمیر ریزنز کے 60 فیصد حصص خریدنے میں دلچسپی
- کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ نوٹس کے ذریعے اس پیشرفت سے آگاہ کیا
آئی جی آئی ہولڈنگز لمیٹڈ کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی آئی جی آئی انویسٹمنٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے نمیر ریزنز لمیٹڈ کے 60 فیصد تک حصص خریدنے کے امکان کا جائزہ لینے کے لیے اصولی منظوری حاصل کرلی ہے۔
کمپنی نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ارسال کردہ نوٹس کے ذریعے اس پیشرفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس کے مطابق آئی جی آئی انویسٹمنٹس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 16 نومبر 2026 کو ہونے والے اجلاس میں نمیر ریزنز لمیٹڈ کے 60 فیصد تک حصص روڈولف پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ، ظفر محمود، خالد قاضی، عمران افضل، عمر اقبال اور عامر جمیل سے خریدنے کے امکان کا جائزہ لینے اور ضروری جانچ پڑتال (ڈیو ڈیلیجنس) کی اصولی منظوری دی۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ مجوزہ خریداری کا انحصار ڈیو ڈیلیجنس کے نتائج تسلی بخش ہونے، لین دین کے ڈھانچے کو حتمی شکل دینے، بڑے حصص داروں کے ساتھ خریداری کی قیمت پر اتفاق، حتمی معاہدے پر مذاکرات اور اس پر دستخط، متعلقہ قوانین کی پابندی اور ضروری کارپوریٹ و ریگولیٹری منظوریوں کے حصول پر ہوگا۔
نمیر ریزنز لمیٹڈ (این آر ایس ایل) 1964 میں پاکستان میں قائم کی گئی تھی جبکہ 1991 میں اسے پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کردیا گیا۔
کمپنی کوٹنگ ریزنز، کمپوزٹ ریزنز (یو پی آر)، ٹیکسٹائل معاون کیمیکلز، آپٹیکل برائٹنرز اور کاغذ کی سطح کو بہتر بنانے والے کیمیکلز تیار کرتی ہے۔
30 جون 2025 تک نمیر ریزنز کے جاری کردہ حصص کی مجموعی تعداد 14 کروڑ 13 لاکھ 20 ہزار تھی، جو 5,093 حصص داروں کی ملکیت تھے۔ کمپنی کے 45.45 فیصد حصص ایسوسی ایٹڈ کمپنیوں، اداروں اور متعلقہ فریقوں کے پاس ہیں جبکہ مقامی عام سرمایہ کاروں کی ملکیت میں 32.91 فیصد حصص ہیں۔