فوجی فوڈز نے وسیم حیدر کو قائم مقام سی ای او مقرر کردیا
- پی ایس ایکس میں جمع کرائی گئی تفصیلات کے مطابق وسیم حیدر نے عثمان ظہیر احمد کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی ہے۔
فوجی فوڈز لمیٹڈ (ایف ایف ایل) نے وسیم حیدر کو 15 نومبر 2026 سے کمپنی کا قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کر دیا ہے۔
اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ کمپنی نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ارسال کردہ نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
پی ایس ایکس میں جمع کرائی گئی تفصیلات کے مطابق وسیم حیدر نے عثمان ظہیر احمد کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی ہے۔
فوجی فوڈز کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق وسیم حیدر جون 2022 میں کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) کی حیثیت سے شامل ہوئے تھے۔ وہ سی آئی ایم اے یو کے کے فیلو ہیں اور انہیں فنانس اور اس سے متعلقہ شعبوں میں 27 سال سے زائد کا متنوع پیشہ ورانہ تجربہ حاصل ہے۔
وسیم حیدر پاکستان کی بڑی اور معروف کمپنیوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ انہیں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (مینا) اور اوقیانوسیہ کے خطوں میں بھی کام کرنے کا وسیع بین الاقوامی تجربہ حاصل ہے۔
یہ تقرری پاکستان کی فوڈ اور ڈیری انڈسٹری کی نمایاں شخصیت عثمان ظہیر احمد کے 18 ستمبر 2026 کو فوجی فوڈز کے سی ای او کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد عمل میں آئی ہے۔
فوجی فوڈز سے استعفے کے بعد عثمان ظہیر احمد کو 22 ستمبر 2026 کو فریزلینڈ کیمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ (ایف سی ای پی ایل) کا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا گیا تھا۔
فوجی فوڈز کا قیام ابتدائی طور پر 1966 میں نون پاکستان لمیٹڈ کے نام سے ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر عمل میں آیا تھا۔ 2015 میں فوجی فاؤنڈیشن اور فوجی فرٹیلائزر نے اس کا انتظام سنبھال لیا، جس کے بعد اس کا نام تبدیل کرکے فوجی فوڈز لمیٹڈ رکھ دیا گیا۔ یہ کمپنی بڑے فوجی گروپ کا حصہ ہے، جس کی بنیاد 1954 میں رکھی گئی تھی۔ فوجی فوڈز، فوجی فرٹیلائزر بن قاسم لمیٹڈ کا ذیلی ادارہ ہے۔
فوجی فوڈز کی بنیادی کاروباری سرگرمیوں میں ٹونڈ دودھ، دودھ کا پاؤڈر، پھلوں کے جوس اور ڈیری و غذائی مصنوعات کی تیاری اور فروخت شامل ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ کمپنی نے اپنی مصنوعات کے دائرہ کار کو وسعت دی ہے، جس میں پنیر، مکھن، بغیر نمک والا مکھن اور نورپور کریم جیسی اضافی قدر کی حامل مصنوعات بھی شامل ہیں۔