کھیل

محمد یوسف اور ثنا میر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل، ارکان کی تعداد 16 ہوگئی

  • محمد یوسف نے 381 میچوں میں 17,300 رنز بنائے، جبکہ ثنا میر نے 226 میچوں میں 240 وکٹیں حاصل کیں اور قومی ٹیم کو دو ایشین گیمز میں طلائی تمغے دلائے
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتانوں محمد یوسف اور ثنا میر کو ہال آف فیم 2025 میں شامل کر لیا ہے، جس کے بعد اس اعزاز کے حامل کھلاڑیوں کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی ہے۔

محمد یوسف کو کھلی ووٹنگ کے ذریعے منتخب کیا گیا، جبکہ ثنا میر کو آئی سی سی ہال آف فیم کی رکن ہونے کے باعث خودکار طور پر اس اعزاز کے لیے شامل کیا گیا۔

محمد یوسف پاکستان کے نمایاں ترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 381 بین الاقوامی میچوں میں مجموعی طور پر 17 ہزار 300 رنز بنائے۔ سال 2006 میں ان کے 1,788 ٹیسٹ رنز ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ ہیں۔

ثنا میر پاکستان ویمنز کرکٹ کی نمایاں شخصیات میں شامل ہیں۔ انہوں نے 226 بین الاقوامی میچوں میں 240 وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ 2,432 رنز بھی بنائے۔ ان کی قیادت میں پاکستان ویمنز ٹیم نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں سونے کے تمغے جیتے۔

پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہیں ہال آف فیم میں شامل کرنا ان کی غیر معمولی کارکردگی اور ملکی کرکٹ کے لیے خدمات کا اعتراف ہے۔

محمد یوسف اور ثنا میر کے ساتھ ہال آف فیم میں عبدالقادر، عبدالحفیظ کاردار، فضل محمود، حنیف محمد، عمران خان، انضمام الحق، جاوید میانداد، مصباح الحق، مشتاق محمد، سعید انور، وسیم اکرم، وقار یونس، یونس خان اور ظہیر عباس بھی شامل ہیں۔