کاروبار اور معیشت

ایشیا بحرالکاہل کی عمر رسیدہ آبادی میں دائمی بیماریوں کا بڑھتا بحران، ماہرین کا بروقت اقدامات پر زور

  • ماہرین نے طویل عمر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے موجودہ نظاموں کی ازسرِنو تشکیل پر تبادلۂ خیال کیا
شائع اپ ڈیٹ

ایشیا بحرالکاہل کے خطے میں 2050ء تک تقریباً 1.3 ارب افراد کی عمر 60 سال سے تجاوز کر جانے کی توقع ہے، ایسے میں صحت کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ متوقع اضافی عمر کے ساتھ بہتر احتیاطی تدابیر، بیماریوں کی جلد تشخیص اور مؤثر علاج بھی یقینی بنانا ہوگا۔

ایشیا بحرالکاہل کے خطے میں لوگ پہلے کے مقابلے میں زیادہ عرصے تک زندہ رہ رہے ہیں، تاہم دائمی بیماریوں کا بڑھتا بوجھ اس خدشے کو جنم دے رہا ہے کہ آیا لوگ اپنی زندگی کے اضافی برس صحت مند رہ کر گزار سکیں گے یا نہیں۔

امراضِ قلب، فالج، ذیابیطس اور سرطان صحت کے نظاموں، خاندانوں اور قومی معیشتوں پر بڑھتا دباؤ ڈال رہے ہیں، جس کے باعث ماہرین نے بیماریوں کی روک تھام، جلد تشخیص اور صحت کی دیکھ بھال کے زیادہ پائیدار طریقوں کی جانب بنیادی تبدیلی پر زور دیا ہے۔

اس حوالے سے خطے میں فالج کے بڑھتے ہوئے واقعات خاص طور پر تشویش کا باعث ہیں۔ 2020ء میں دنیا بھر میں فالج سے ہونے والی اموات میں ایشیا کا حصہ تقریباً 61 فیصد تھا، جو لگ بھگ 41 لاکھ انسانی جانوں کے ضیاع کے برابر ہے۔

ماہرین کے مطابق احتیاطی اقدامات مؤثر انداز میں نہ کیے گئے تو 2050ء تک یہ تناسب بڑھ کر 69 فیصد، یعنی سالانہ تقریباً 66 لاکھ اموات تک پہنچ سکتا ہے۔

دنیا بھر میں 2020ء کے دوران فالج کے باعث ہونے والی اموات میں ایشیا کا حصہ تقریباً 61 فیصد تھا، جو لگ بھگ 41 لاکھ انسانی جانوں کے ضیاع کے برابر ہے۔

بائر نے کوالالمپور کنونشن سینٹر میں سلور اکانومی فورم 2026ء کے موقع پر منعقدہ میڈیا تقریب ’’طویل زندگی، بہتر سال: ایشیا بحرالکاہل میں صحت کی دیکھ بھال کے نئے تصورات‘‘ کے دوران صحت کے شعبے کی ترجیحات تبدیل کرنے پر زور دیا۔

بائر کی میڈیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمپنی کے فارماسیوٹیکل شعبے کے ایشیا بحرالکاہل خطے کے سربراہ سائمن روزوف نے کہا کہ خطے میں آبادیاتی تبدیلیوں کی تیز رفتار نوعیت کے پیش نظر صحت کے نظاموں کو بیماریوں کی سنگین صورت اختیار کرنے کے بعد علاج تک محدود رہنے کے بجائے پہلے سے اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا، ’’ایشیا بحرالکاہل دنیا میں آبادیاتی تبدیلی کے تیز ترین مراحل سے گزر رہا ہے۔ ہمیں یقینی بنانا ہوگا کہ طویل زندگی کے ساتھ لوگ زیادہ صحت مند بھی رہیں۔‘‘

طویل عمر اور صحت مند زندگی کے درمیان بڑھتا فرق

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ متوقع عمر میں اضافہ ایک بڑی کامیابی ہے، تاہم اس کا لازمی مطلب یہ نہیں کہ لوگ اپنی زندگی کے زیادہ سال اچھی صحت کے ساتھ گزاریں گے۔

جولائی 2026ء میں جریدے ’دی لانسیٹ پبلک ہیلتھ‘ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں لوگ اب اوسطاً 10.7 سال خراب صحت میں گزار رہے ہیں، جبکہ 1990ء میں یہ مدت 8.8 سال تھی۔

تحقیق کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ متوقع عمر اور صحت مند زندگی کے دورانیے کے درمیان فرق بڑھ رہا ہے، جس کا مطلب ہے کہ لاکھوں افراد اپنی زندگی کے آخری برسوں کا بڑھتا ہوا حصہ بیماریوں اور معذوری سے نمٹنے میں گزار رہے ہیں۔

ایشیا بحرالکاہل میں 60 سال کی عمر کو پہنچنے والے افراد اپنی بقیہ زندگی کے تقریباً پانچ سال بیماری اور معذوری کے ساتھ گزارنے کی توقع رکھ سکتے ہیں۔

مغربی بحرالکاہل کے خطے میں امراضِ قلب، فالج، ذیابیطس اور سرطان تقریباً 10 میں سے 9 اموات کا سبب بنتے ہیں، جبکہ ان بیماریوں کے بیشتر بنیادی خطرات کئی برسوں کے دوران خاموشی سے پروان چڑھتے ہیں۔

ملائیشیا اس صورت حال کی ایک واضح مثال ہے۔ نیشنل ہیلتھ اینڈ موربیڈیٹی سروے 2023ء کے مطابق ملک میں تقریباً ہر تین میں سے ایک بالغ فرد کولیسٹرول کی بلند سطح کا شکار ہے، جبکہ متاثرہ افراد میں سے نصف سے زیادہ اپنی اس کیفیت سے لاعلم ہیں۔

بائر کی عالمی نائب صدر اور امراضِ قلب و گردہ سے متعلق کلینیکل ڈیولپمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر ماریا بورینٹین نے کہا کہ عمر رسیدہ معاشرے کا اصل چیلنج محض زندگی کا دورانیہ بڑھانا نہیں بلکہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ لوگ زیادہ عرصے تک صحت مند اور خودمختار رہیں۔

انہوں نے کہا، ’’ہر سال جب ہم امراضِ قلب، گردے یا ذیابیطس کی جلد تشخیص کرتے ہیں اور فالج کے ہر اس واقعے کو روکتے ہیں جس سے بچا جا سکتا ہو، تو کسی شخص کو مزید ایک سال کام کرنے، گھر پر رہنے اور اسپتال سے دور رہنے کا موقع ملتا ہے۔‘‘

جولائی 2026ء میں جریدے ’دی لانسیٹ پبلک ہیلتھ‘ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں لوگ اب اوسطاً 10.7 سال خراب صحت کے ساتھ گزار رہے ہیں، جبکہ 1990ء میں یہ مدت 8.8 سال تھی۔

تقریب میں جن بیماریوں کو اجاگر کیا گیا، ان میں فالج ایشیا کو درپیش صحتِ عامہ کے سب سے اہم مسائل میں سے ایک ہے۔

توقع ہے کہ دنیا بھر میں ہر چار میں سے ایک بالغ فرد کو زندگی میں کسی نہ کسی مرحلے پر فالج کا سامنا کرنا پڑے گا، جبکہ ایشیا میں بلند فشارِ خون اس کا سب سے بڑا خطرے کا سبب ہے، جس کے بعد ذیابیطس کا نمبر آتا ہے۔

اس کے اثرات صرف عمر رسیدہ افراد تک محدود نہیں ہیں۔

ملائیشیا میں فالج کے تقریباً 40 فیصد مریضوں کی عمر 60 سال سے کم ہے، جس کا مطلب ہے کہ بیماری کا حملہ ہونے کے وقت ان میں سے بہت سے افراد ملازمت کر رہے ہوتے ہیں، اپنے خاندانوں کی کفالت کرتے اور معیشت میں اپنا کردار ادا کر رہے ہوتے ہیں۔

فالج سے صحت یاب ہونے والے افراد کو دوبارہ اس مرض کا حملہ ہونے کا بھی نمایاں خطرہ رہتا ہے۔ اندازے کے مطابق ایسے 10 سے 16 فیصد افراد کو ایک سال کے اندر دوبارہ فالج ہو سکتا ہے۔

صحت مند بڑھاپے کے معاشی تقاضے

سلور اکانومی فورم 2026ء میں ہونے والی گفتگو سے واضح ہوا کہ عمر رسیدہ آبادی کے چیلنجز صرف اسپتالوں اور صحت کے بجٹ تک محدود نہیں ہیں۔

آبادی کی عمر بڑھنے اور شرحِ پیدائش میں کمی کے باعث ایشیا کے ممالک کو افرادی قوت میں شمولیت، ریٹائرمنٹ کے بعد مالی تحفظ، پنشن کے نظام کی پائیداری اور علاج معالجے کے طویل مدتی اخراجات برداشت کرنے جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

بروقت اقدامات نہ کرنے کی معاشی قیمت پہلے ہی خاصی زیادہ ہو چکی ہے۔

اندازوں کے مطابق صرف فالج کے باعث عالمی معیشت کو سالانہ 890 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوتا ہے، جو 2050ء تک بڑھ کر 2.31 ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔

ملائیشیا میں غیر متعدی بیماریوں کا سالانہ معاشی بوجھ 64.2 ارب رنگٹ لگایا گیا ہے، جو مجموعی ملکی پیداوار کا تقریباً 4.2 فیصد بنتا ہے۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ان اخراجات کا تقریباً 80 فیصد براہِ راست صحت کے اخراجات کے بجائے پیداواری صلاحیت میں کمی کے باعث ہوتا ہے۔

گلوبل کولیشن آن ایجنگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مائیکل ہوڈن نے زور دیا کہ حکومتوں کو صحت مند بڑھاپے کو صرف صحت کے بجٹ تک محدود مسئلہ سمجھنے کے بجائے معاشی ترقی میں سرمایہ کاری کے طور پر تسلیم کرنا چاہیے۔

صحت کی دیکھ بھال، مالی تحفظ اور مستقبل کے نظام پر نظرثانی

فورم کے دو روزہ پروگرام کے دوران اس بات پر تبادلۂ خیال کیا گیا کہ طویل ہوتی عمر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ممالک اپنے موجودہ نظاموں کو کس طرح ازسرِنو ترتیب دے سکتے ہیں۔

گفتگو کا ایک اہم نکتہ یہ تھا کہ صحت کے نظاموں کو بیماری سامنے آنے کے بعد علاج کرنے کے روایتی طریقے سے نکال کر زندگی کے تمام مراحل میں بیماریوں کی روک تھام پر توجہ دینی ہوگی۔

مقررین نے اس بات کی اہمیت اجاگر کی کہ صحت اور مالیات کی وزارتوں کے درمیان تعاون بڑھایا جائے تاکہ بیماریوں کی روک تھام کے پروگراموں کے لیے مسلسل سرمایہ کاری یقینی بنائی جا سکے۔

فورم میں نگہداشت کی معیشت کی بڑھتی اہمیت کا بھی جائزہ لیا گیا اور بہتر رہائش، بنیادی طبی سہولتوں، اسپتالوں اور سماجی معاونت کی خدمات کے درمیان مؤثر روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

صحت اور مالیات کے شعبوں سے آگے بڑھتے ہوئے مقررین نے اس بات پر بھی گفتگو کی کہ عمر کے تمام مراحل کو مدنظر رکھنے والے شہر اور کام کی جگہیں کس طرح معاشی سرگرمیوں میں لوگوں کی شمولیت برقرار رکھنے میں مدد دے سکتی ہیں۔ ان کے مطابق پیدل چلنے کے لیے موزوں محلے، قابلِ رسائی ٹرانسپورٹ، سب کے لیے یکساں روزگار کی پالیسیاں اور عمر رسیدہ کارکنوں کی معاونت کرنے والی ٹیکنالوجیز ایسے معاشروں کے لیے اہم سرمایہ کاری ہیں جو طویل عمر کے تقاضوں کی تیاری کر رہے ہیں۔

صحت مند عمر رسیدہ معاشرے کے لیے ترجیحات

دائمی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نمٹنے کے لیے بائر کی میڈیا تقریب میں شریک ماہرین نے چار اہم شعبوں کی نشاندہی کی جن پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

اول، صحت کے نظاموں کو معمول کے طبی معائنے کے ذریعے بیماریوں کی جلد تشخیص کا عمل مضبوط بنانا ہوگا، خصوصاً درمیانی عمر سے اس کا اہتمام ضروری ہے۔ بلڈ پریشر، کولیسٹرول، خون میں شکر کی سطح اور گردوں کی کارکردگی کی نگرانی سے خطرات کی سنگین پیچیدگیوں میں تبدیل ہونے سے پہلے نشاندہی ممکن ہو سکتی ہے۔

دوم، پہلے سے دائمی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو مؤثر علاج، باقاعدہ طبی نگرانی اور مسلسل نگہداشت تک رسائی فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ خودمختار زندگی گزار سکیں۔

سوم، بیماریوں کی روک تھام کو سرمایہ کاری تصور کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے جلد تشخیص اور علاج کے فوائد کا موازنہ دائمی بیماریوں کی مجموعی لاگت سے کیا جائے، جس میں صرف صحت کے بجٹ نہیں بلکہ پیداواری صلاحیت میں ہونے والا نقصان بھی شامل ہو۔

آخر میں، اس مقصد کے حصول کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ حکومت کو پالیسی اور ضابطہ جاتی ڈھانچہ فراہم کرنا ہوگا، صنعت کو سائنسی مہارت بروئے کار لانی ہوگی، جبکہ معالجین اور کمیونٹی گروپس کو مریضوں کا اعتماد حاصل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔