مائیکروسافٹ کی سروسز میں تعطل سے بیمہ شدہ نقصانات 700 ملین ڈالر تک پہنچنے کا امکان، کوور
- مائیکروسافٹ 365 کی سروسز میں تعطل سے بیمہ شدہ نقصانات 700 ملین ڈالر تک پہنچنے کا تخمینہ، ٹیکنالوجی کے نظام میں بڑے پیمانے پر خرابیوں کے خدشات پر بیمہ کنندگان تشویش میں مبتلا
مائیکروسافٹ 365 اور ایکسچینج آن لائن کی سروسز میں تعطل کے باعث بیمہ شدہ نقصانات تقریباً 700 ملین ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں۔ سائبر رسک ماڈلنگ کمپنی کوور کے شریک بانی اور چیف پروڈکٹ آفیسر شالوم بوبلِل نے جمعے کے روز یہ تخمینہ ظاہر کیا۔
بوبلِل نے اس تعطل سے ہونے والے مجموعی نقصان کا ابتدائی تخمینہ 300 ملین سے 1.4 ارب ڈالر کے درمیان لگایا ہے۔ یہ تعطل جمعرات کے روز 16:17 جی ایم ٹی پر شروع ہوا تھا۔ یہ تخمینہ اس مفروضے پر مبنی ہے کہ سروسز جمعے کے روز 19:00 جی ایم ٹی تک بحال ہوجائیں گی۔
انہوں نے اپنی پیش گوئی میں کام کی پیداواری صلاحیت متاثر ہونے کے نتیجے میں ہونے والے تقریباً 16 ارب ڈالر کے معاشی نقصان کو بنیاد بنایا۔ معاشی اور بیمہ شدہ نقصانات کے تخمینوں میں فرق کی وجہ ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ہاں غیر ارادی خرابیوں کے لیے بیمہ تحفظ کی محدود شرائط اور چھوٹے کاروباروں میں سائبر انشورنس کا کم رجحان ہے۔
بوبلِل نے ان اعدادوشمار کو ایک ابتدائی اور سرسری تخمینہ قرار دیا، جس میں بیشتر عوامل کے لیے عارضی اندازے استعمال کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق نقصان کی شدت سب سے زیادہ اثرانداز ہونے والا مفروضہ ہے، جبکہ جمعے کے روز امریکی کاروباری اوقات کے دوران تعطل طویل ہونے سے بیمہ شدہ نقصانات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
مائیکروسافٹ نے جمعے کے روز تقریباً 13:00 جی ایم ٹی پر جاری کردہ تازہ بیان میں بتایا کہ متاثرہ خطوں میں سروسز کی بحالی کا عمل جاری ہے، تاہم بعض صارفین کو اب بھی وقفے وقفے سے رسائی میں مشکلات یا ای میلز کی ترسیل میں تاخیر کا سامنا ہوسکتا ہے۔ کمپنی نے کہا کہ اسے کسی تخریبی سرگرمی کے شواہد نہیں ملے۔
بزنس انٹرپشن کی شق پر انحصار
’دی انشورر‘ سے بات کرنے والے مارکیٹ ذرائع کے مطابق اس تعطل کے نتیجے میں سائبر انشورنس کے تحت کیے جانے والے دعووں کا حجم اس بات پر منحصر ہوگا کہ متاثرہ کمپنیوں نے ٹیکنالوجی فراہم کرنے والے اداروں کی غیر ارادی خرابیوں کے لیے کاروباری تعطل کا بیمہ تحفظ حاصل کر رکھا ہے یا نہیں، اور آیا وہ مالی نقصان ثابت کرسکتی ہیں۔
ایک ری انشورر نے کہا کہ اسے اس تعطل سے ہونے والے نقصانات جولائی 2024 میں کراؤڈ اسٹرائیک کی سروسز میں خرابی کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے مماثل ہونے کی توقع ہے۔ ری انشورنس بروکر گائے کارپینٹر (جو اب مارش ری کے نام سے کام کرتا ہے) نے جنوری میں کراؤڈ اسٹرائیک کے واقعے سے ہونے والے بیمہ شدہ نقصانات کا تخمینہ تقریباً 250 ملین ڈالر لگایا تھا۔
ایک بروکر نے بتایا کہ اسے اس تعطل سے متعلق نقصانات کے دعووں کی اطلاعات موصول ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
بروکریج فرم میک گل اینڈ پارٹنرز کے پارٹنر ٹام ڈرائیڈن نے کہا، ’’نظام کی خرابی کے تناظر میں سائبر انشورنس کی بہت سی معیاری پالیسیوں کے تحت یہ نقصان قابلِ بیمہ ہے۔ یہ بالکل اسی نوعیت کا واقعہ ہے جس کے نظام گیر اثرات کے حوالے سے مارکیٹ کو تشویش رہی ہے، اور یہ 2024 کے کراؤڈ اسٹرائیک کے تعطل سے کافی حد تک مماثلت رکھتا ہے۔‘‘
کاروباری تعطل کے بیمہ تحفظ کا اطلاق کب ہوتا ہے؟
سائبر انشورنس کے ایک بروکر نے بتایا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کے لیے بعض پالیسیوں میں بیمہ تحفظ کے اطلاق کے لیے سیکیورٹی کی ناکامی یا سائبر حملے کی شرط رکھی گئی ہے، جس کے باعث کسی غیر ارادی تعطل سے ہونے والے نقصانات اس تحفظ سے خارج ہوسکتے ہیں۔
دوسری پالیسیوں میں غیر تخریبی نظامی خرابیوں کے باعث کاروباری تعطل کے نقصانات کا تحفظ بھی شامل ہوتا ہے۔ تاہم صارفین کو یہ تصدیق کرنا ہوتی ہے کہ آیا یہ تحفظ بیرونی ٹیکنالوجی فراہم کرنے والے اداروں کی سروسز میں خرابیوں پر بھی لاگو ہوتا ہے یا نہیں۔ اس مقصد کے لیے پالیسی میں انحصاری یا مشروط کاروباری تعطل کی شقیں شامل ہونا ضروری ہیں۔
مثال کے طور پر، بیزلی کی شائع کردہ پالیسی رہنمائی میں کسی انحصاری ادارے میں سیکیورٹی کی خلاف ورزی یا نظام کی خرابی، دونوں کے نتیجے میں کاروباری تعطل سے ہونے والے نقصانات کا تحفظ شامل ہے۔
’دی انشورر‘ سے بات کرنے والے سائبر انشورنس کے دو بروکرز نے بتایا کہ پالیسی اور ہر صارف کے لیے قابلِ قبول تعطل کی مدت کے مطابق کاروباری تعطل کے بیمہ تحفظ کے اطلاق سے پہلے 8 سے 12 گھنٹے کا انتظار کرنا پڑسکتا ہے۔
ایک بروکر نے مالی نقصان کے شواہد فراہم کرنے کو بھی ممکنہ رکاوٹ قرار دیا، بالخصوص پیشہ ورانہ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے۔ ایسی کمپنیوں میں ای میل سروسز متاثر ہونے سے کام میں تاخیر تو ہوسکتی ہے، تاہم اگر عملہ بعد میں رہ جانے والے کام کو مکمل کرلے تو آمدن میں مستقل کمی واقع نہیں ہوتی۔
بیزلی کی رہنمائی کے مطابق، اگر کوئی کاروبار بالآخر اپنی معمول کی آمدن حاصل کرلیتا ہے تو صرف ملازمین کا غیر پیداواری وقت آمدن میں نقصان ثابت کرنے کے لیے کافی نہیں۔ تاہم آمدن میں کمی سے بچنے یا اسے محدود کرنے کے لیے اٹھائے گئے معقول اضافی اخراجات پالیسی کی شرائط کے مطابق قابلِ ادائیگی ہوسکتے ہیں۔ ان اخراجات میں عارضی متبادل انتظامات یا اضافی عملے کی خدمات حاصل کرنے کی لاگت شامل ہوسکتی ہے۔
ڈرائیڈن نے کہا، ’’نقصانات کے بارے میں حتمی رائے قائم کرنے کے لیے ابھی وقت درکار ہے، تاہم اس واقعے کے نظام گیر اثرات کے باعث بعض بیمہ کنندگان میں تشویش ضرور پیدا ہوسکتی ہے۔‘‘