پاکستان

پاکستان معدنیات کی طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے مسابقتی مرکز بننے کا خواہاں ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

  • معدنیات کے پورے شعبے اور اس سے منسلک نظام کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی
شائع اپ ڈیٹ

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان طویل مدتی معدنیاتی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی مرکز بننے کا خواہاں ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے ریڈیو پاکستان کے مطابق انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ کان کنی کے پورے نظام کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کانوں، کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور اس سے وابستہ تمام افراد کو مناسب تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی معدنی دولت سے بھرپور استفادہ کرنا ایک مشترکہ قومی مقصد ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ملک کا ہدف صرف خام معدنیات برآمد کرنا نہیں بلکہ انہیں صاف کرنے، پراسیسنگ اور تیار مصنوعات بنانے سمیت پوری پیداواری زنجیر کو ترقی دینا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان طویل مدتی شراکت داریوں کو فروغ دینا چاہتا ہے، جن سے ملک اور اس کے شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی فوائد پیدا ہوں۔

انہوں نے زور دیا کہ معدنی وسائل کی ترقی سے مقامی آبادیوں کو بھی فائدہ پہنچنا چاہیے اور معدنیات سے مالا مال علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی زندگیوں میں واضح بہتری نظر آنی چاہیے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستانی عوام محنتی، بہادر اور پُرعزم ہیں اور ان میں اپنے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے قدرتی وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، تاہم ان مواقع کو عملی نتائج میں بدلنے کے لیے درکار قوت اور عزم کا اصل سرچشمہ پاکستان کے عوام ہیں۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو امکانات سے آگے بڑھ کر پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنا ہوگا، وعدوں کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے اور خام مال کی برآمدات سے نکل کر اضافی قدر پر مبنی معاشی ترقی کی جانب بڑھنا ہوگا۔