مارکٹس

پام آئل کی قیمتوں میں تین ہفتوں بعد پہلا ہفتہ وار اضافہ

  • پام آئل کا بینچ مارک کنٹریکٹ 22 رنگٹ اضافے کے بعد 4,462 رنگٹ فی میٹرک ٹن پر بند ہوا
شائع اپ ڈیٹ

ملائیشین پام آئل کے مستقبل کے سودوں کی قیمتیں جمعہ کو اضافے کے ساتھ بند ہوئیں اور تین ہفتوں میں پہلی بار ہفتہ وار اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کی وجہ صنعت کی ایک اہم کانفرنس میں آئندہ مہینوں کے دوران قیمتوں میں بحالی کی پیش گوئی تھی، جس سے مارکیٹ کے رجحان میں بہتری آئی۔

برسا ملائیشیا ڈیریویٹوز ایکسچینج میں جنوری میں ترسیل کے لیے پام آئل کا بینچ مارک کنٹریکٹ کاروبار کے اختتام پر 22 رنگٹ یا 0.5 فیصد اضافے کے بعد 4,462 رنگٹ (1,093.09 ڈالر) فی میٹرک ٹن پر بند ہوا۔ اس ہفتے کنٹریکٹ کی قیمت میں مجموعی طور پر 4.79 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

انڈونیشین پام آئل کانفرنس میں صنعت کے سرکردہ تجزیہ کاروں نے آئندہ مہینوں میں پام آئل کی قیمتوں میں بحالی کی توقع ظاہر کی ہے۔ ان کے مطابق، ایل نینو کے باعث خشک سالی کے اثرات سے پیداوار میں کمی کا اثر 2027ء کی پہلی سہ ماہی میں سامنے آنے کا امکان ہے۔

تاہم، کوالالمپور میں مقیم ایک تاجر کے مطابق، دانانتارا سمبردایا انڈونیشیا کی جانب سے نئی سروس فیس عائد کیے جانے سے متعلق اطلاعات پر پائی جانے والی غیر یقینی صورت حال نے مارکیٹ کے رجحان کو مزید محدود رکھا۔ مارکیٹ کے شرکا اس فیس کی تفصیلات اور پام آئل کی صنعت پر اس کے ممکنہ اثرات جاننے کے منتظر ہیں۔

چین کے شہر ڈالیان کی کموڈیٹی ایکسچینج میں سویا آئل کے سب سے زیادہ فعال کنٹریکٹ کی قیمت میں 0.21 فیصد جبکہ پام آئل کے کنٹریکٹ میں 0.44 فیصد اضافہ ہوا۔ شکاگو بورڈ آف ٹریڈ میں سویا آئل کی قیمتیں بھی 0.79 فیصد بڑھ گئیں۔