اسحاق ڈار کا حکومتی کفایت شعاری کے اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھنے پر زور
- اجلاس میں پہلے کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے حکومتی کفایت شعاری کے اقدامات پر مؤثر عملدرآمد اور مستقل بچت کے اہداف کے حصول کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھنے اور سرکاری اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری پر زور دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق انہوں نے یہ بات وزارت خارجہ میں کفایت شعاری اور اضافی بچت کے اقدامات کی نگرانی اور ان پر عملدرآمد کے لیے قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں پہلے کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس میں وزارتوں اور ڈویژنز میں اخراجات کے انتظام اور وسائل کے تحفظ پر خصوصی توجہ دی گئی۔
اسحاق ڈار نے غیر ضروری اخراجات میں کمی اور انتظامی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی کفایت شعاری مہم کے مقاصد کے حصول کے لیے قریبی رابطہ کاری اور فیصلوں پر مستقل عملدرآمد کا جائزہ لینا ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کفایت شعاری کے اقدامات کو پائیدار بچت میں تبدیل کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو اپنی مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔
اجلاس میں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹریز کابینہ، قانون و انصاف، اطلاعات و نشریات اور وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے علاوہ صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔