سونیا گاندھی پر اپنی یادداشتوں میں بھارتی تاریخ کو مسخ کرکے پیش کرنے کا الزام
- سونیا گاندھی کی کتاب ’بیلونگ‘ مقبول ترین کتابوں میں شامل، بی جے پی کی جانب سے تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے الزامات پر سیاسی بحث چھڑ گئی
بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپوزیشن رہنما سونیا گاندھی پر اپنی جماعت کانگریس کے تاریخی اقدامات پر پردہ ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے۔ سونیا گاندھی کی نئی یادداشتوں پر ہونے والی اس تنقید نے اہم ریاستی انتخابات سے قبل دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی کشیدگی بڑھا دی ہے۔
دوسری جانب کانگریس رہنماؤں نے وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بی جے پی پر الزام لگایا ہے کہ وہ کتاب کو غیر ضروری سیاسی رنگ دے کر تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
بیلونگ کے عنوان سے یہ کتاب منگل کو شائع ہوئی۔ اس میں اطالوی نژاد سونیا گاندھی نے برطانیہ میں طالب علمی کے زمانے سے لے کر راجیو گاندھی سے ملاقات، شادی اور نہرو گاندھی خاندان کا حصہ بننے تک کے سفر کو بیان کیا ہے۔ اس خاندان سے بھارت کو تین وزرائے اعظم ملے۔
79 سالہ سونیا گاندھی نے 2004 میں وزارت عظمیٰ کا منصب قبول کرنے سے انکار کردیا تھا، تاہم ان کا خاندان اب بھی کانگریس پر اثر و رسوخ رکھتا ہے۔ اس جماعت نے 1947 میں برطانوی نوآبادیاتی حکومت سے آزادی کے بعد مجموعی طور پر تقریباً 55 سال بھارت پر حکمرانی کی ہے۔
بی جے پی کے ترجمان سی آر کیشون نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ سونیا گاندھی کو اپنی کتاب کا نام ’’بیلونگ‘‘ کے بجائے ’’وائٹ واشنگ‘‘ (تاریخی حقائق پر پردہ ڈالنا) رکھنا چاہیے تھا، کیونکہ بظاہر اس کا مقصد نہرو گاندھی خاندان کی تاریخی غلطیوں کو خوش نما انداز میں پیش کرنا اور کانگریس کے سنگین جرائم کو چھپانا ہے۔
کیشون نے 1984 کے سکھ مخالف فسادات کا حوالہ بھی دیا، جو اس وقت کی وزیراعظم اور سونیا گاندھی کی ساس اندرا گاندھی کے سکھ محافظوں کے ہاتھوں قتل کے بعد پھوٹ پڑے تھے۔ ان فسادات میں تقریباً 3 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کا الزام ہے کہ کانگریس نے اس قتل عام کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے اور جماعت کے بعض رہنماؤں نے تشدد کو منظم کرنے میں کردار ادا کیا۔