سابق وزیراعظم عمران خان علاج کے بعد دوبارہ جیل منتقل
- راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کا پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں آنکھوں کا معائنہ کیا گیا، ذرائع
پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کو منگل کی رات گئے علاج کے لیے اسلام آباد کے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے بعد انہیں دوبارہ جیل واپس بھیج دیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کا پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں آنکھوں کا معائنہ کیا گیا۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ انہیں بلڈ پریشر کا کچھ مسئلہ درپیش تھا، جس کے باعث گزشتہ رات ضروری طبی علاج فراہم کیا گیا۔ اس کے بعد انہیں دوبارہ جیل کی کوٹھڑی میں منتقل کر دیا گیا۔
کرکٹر سے سیاست دان بننے والے عمران خان کو 2022 میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد بدعنوانی کے متعدد مقدمات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ تین سال سے زائد عرصے سے جیل میں قید ہیں۔ ان کی ایک سزا کے علاوہ باقی تمام سزائیں معطل یا کالعدم ہو چکی ہیں، جبکہ ان کے خلاف اپیلیں زیرِ التوا ہیں۔ عمران خان اپنے اوپر عائد الزامات کی تردید کرتے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ یہ مقدمات سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے ہیں، تاہم حکومت اس دعوے کو مسترد کرتی ہے۔
عمران خان کے وکلا کا کہنا ہے کہ جیل میں ان کی صحت خراب ہوئی ہے اور ان کی دائیں آنکھ کی بینائی نمایاں حد تک متاثر ہوئی ہے۔
ہاگست میں ان کے اسپتال کے دورے کو مختصر کر دیے جانے کے بعد یہ پہلا واقعہ ہے کہ عمران خان کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا اور پھر واپس جیل بھیج دیا گیا۔
پی ٹی آئی کے مطابق پاکستانی عدالت نے جیل حکام کو عمران خان اور ان کی اہلیہ سے قانونی ٹیم کی ملاقات یقینی بنانے کا حکم بھی دیا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے ڈپٹی چیئرمین شاہ محمود قریشی کو بھی منگل کے روز مشرقی شہر لاہور کی ایک جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا۔ وہ تاحال اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔