روس کے سیٹ کھونے سے جی 7 اخلاقی ساکھ کیوں کھو بیٹھا
- فرانس کے شہر ایویان لے بان میں 15 سے 17 جون 2026 تک منعقد ہونے والے 52ویں جی 7 سربراہی اجلاس نے ایک ایسے سوال کو دوبارہ زندہ کر دیا جو عصرِ حاضر کی سفارت کاری میں اب بھی اہمیت رکھتا ہے
فرانس کے شہر ایویان لے بان میں 15 سے 17 جون 2026 تک منعقد ہونے والے 52ویں جی 7 سربراہی اجلاس نے ایک ایسے سوال کو دوبارہ زندہ کر دیا جو عصرِ حاضر کی سفارت کاری میں اب بھی اہمیت رکھتا ہے، آخر جی 8 کا کیا ہوا؟ تقریباً دو دہائیوں تک روس دنیا کی سرکردہ صنعتی جمہوریتوں کے ساتھ اس فورم کا حصہ رہا، جس کے نتیجے میں گروپ آف سیون (جی 7) گروپ آف ایٹ (جی 8) میں تبدیل ہوگیا۔ تاہم، 2014 سے روس اس فورم سے غیر حاضر ہے۔ اس کی علیحدگی محض سفارتی اخراج کا عمل نہیں تھا بلکہ اس نے واضح کیا کہ عالمی حکمرانی کے اعلیٰ ترین فورم پر کس ملک کو جگہ ملتی ہے، اس کا تعین اکثر اصولوں کے بجائے طاقت کرتی ہے۔
ایک صدی سے بھی زیادہ عرصہ قبل ونسٹن چرچل نے کہا تھا کہ انسانی نسل کی تاریخ جنگ کی تاریخ ہے۔ مختصر اور غیر یقینی وقفوں کے سوا دنیا میں کبھی امن نہیں رہا؛ اور تاریخ شروع ہونے سے بھی بہت پہلے قتل و غارت پر مبنی لڑائی ہر جگہ جاری اور نہ ختم ہونے والی حقیقت تھی۔ اگرچہ یہ بات 1900 میں کہی گئی تھی، لیکن آج بھی غیر معمولی طور پر متعلقہ محسوس ہوتی ہے۔ بین الاقوامی ادارے اکثر آفاقی اقدار کا اعلان کرتے ہیں، لیکن تاریخ بتاتی ہے کہ ان اقدار کی تشریح اکثر جغرافیائی و سیاسی مفادات کے تناظر میں کی جاتی ہے۔ روس کو جی 8 سے نکالا جانا اس تلخ حقیقت کی عکاسی کرتا ہے۔
جی 7 کی ابتدا 1975 میں ہوئی، جب فرانس، مغربی جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ اور امریکا کے رہنما تیل کی قیمتوں میں اضافے اور مسلسل مہنگائی (اسٹیگ فلیشن) کے باعث پیدا ہونے والے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے فرانس کے شہر رامبوئیے میں جمع ہوئے۔ ایک سال بعد کینیڈا بھی اس میں شامل ہوگیا، جس کے نتیجے میں جی 7 وجود میں آیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ معاشی رابطہ کاری کے لیے قائم ہونے والا یہ فورم ایک بااثر سیاسی کلب میں تبدیل ہوگیا، جو مغربی طاقت اور اثر و رسوخ کی نمائندگی کرتا تھا۔
سرد جنگ کے خاتمے سے پرانی خلیج کو پاٹنے کا ایک تاریخی موقع دکھائی دیا۔ نظریاتی محاذ آرائی بظاہر ختم ہونے کے بعد مغربی رہنماؤں نے روس کو ابھرتے ہوئے عالمی نظام میں شامل کرنے کی کوشش کی۔ کئی سال تک شرکت کے بعد ماسکو 1997 میں اس گروپ کا مکمل رکن بن گیا، جس سے جی 7، جی 8 میں تبدیل ہوگیا۔ روس کی شمولیت کی بنیاد صرف معاشی برابری نہیں تھی بلکہ اس کے پیچھے روس کو یورو اٹلانٹک کے ایک تعاون پر مبنی نظام سے وابستہ کرنے کی اسٹرٹیجک کوشش بھی کارفرما تھی۔
ایک وقت تک یہ تجربہ کامیاب دکھائی دیا۔ روس کو وقار اور اثر و رسوخ حاصل ہوا، جبکہ مغربی حکومتوں کو سیاسی اور معاشی ہم آہنگی میں اضافے کی توقع تھی۔ جی 8 اس امید کی علامت بن گیا کہ سرد جنگ کی دشمنیوں کی جگہ شراکت داری اور مذاکرات لے سکتے ہیں۔
تاہم بنیادی اختلافات برقرار رہے۔ روس خود کو ایک آزاد بڑی طاقت سمجھتا تھا، جس کے اپنے جائز سکیورٹی مفادات تھے، جبکہ مغربی دارالحکومتوں میں ایک ایسے اصولوں پر مبنی عالمی نظام کو فروغ دیا جا رہا تھا جس کی تشکیل بڑی حد تک مغربی اداروں اور اقدار کے مطابق کی گئی تھی۔ جب تک تعلقات تعاون پر مبنی رہے، ان تضادات کو سنبھالنا ممکن تھا۔ لیکن جغرافیائی و سیاسی مسابقت کی واپسی کے ساتھ ہی یہ اختلافات ناقابلِ مصالحت ہوگئے۔
اختلافات کا فیصلہ کن مرحلہ 2014 میں یوکرین کے بحران کے دوران آیا۔ کیف میں سیاسی ہلچل اور صدر وکٹر یانوکووچ کی برطرفی کے بعد روس نے بحیرہ اسود میں اپنے بحری بیڑے کے اڈے اور زیادہ تر روسی بولنے والی آبادی کے حامل جزیرہ نما کریمیا کو اپنے کنٹرول میں لینے کے لیے تیزی سے اقدامات کیے۔ اس کے بعد ریفرنڈم کرایا گیا، جس کے نتیجے میں ماسکو نے کریمیا کو روسی فیڈریشن میں شامل کرلیا۔ یوکرین اور بیشتر مغربی حکومتوں نے اس اقدام کو غیر قانونی اور خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔
ردعمل فوری تھا۔ امریکا، کینیڈا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی اور جاپان نے سوچی میں ہونے والے طے شدہ جی 8 سربراہی اجلاس کو منسوخ کردیا اور برسلز میں دوبارہ جی 7 کے نام سے اجلاس منعقد کیا۔ اگرچہ جی 8 کا نہ تو کوئی باضابطہ منشور تھا اور نہ ہی کسی رکن کو خارج کرنے کا کوئی طریقہ کار موجود تھا، لیکن عملاً روس کو اس فورم سے باہر کا راستہ دکھا دیا گیا۔ سیاسی نتیجہ بالکل واضح تھا، جی 8 کا وجود ختم ہوگیا۔
تاہم، ایک پریشان کن سوال اب بھی موجود ہے۔ کیا روس کو اس لیے خارج کیا گیا کہ اس نے بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی کی تھی، یا اس لیے کہ اس نے مغرب کی قیادت میں قائم جغرافیائی و سیاسی نظام کو چیلنج کیا تھا؟ اگر جی 7 واقعی بین الاقوامی قانون کا محافظ ہے تو اس کے معیارات کا اطلاق سب پر یکساں ہونا چاہیے۔ اگر ان معیارات پر منتخب انداز میں عمل درآمد کیا جاتا ہے تو پھر معاملہ اصولوں کے بجائے طاقت کا بن جاتا ہے۔
ناقدین عین اسی تضاد کی نشاندہی کرتے ہیں۔ امریکا اور اس کے اتحادی بارہا فوجی مداخلتیں اور دباؤ پر مبنی مہمات چلا چکے ہیں، لیکن انہیں کبھی ایسی ہی پابندیوں یا نتائج کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ 1989 میں پاناما پر حملے کے ذریعے جنرل مینوئل نوریگا کو طاقت کے زور پر اقتدار سے ہٹایا گیا۔ نیٹو نے کوسوو میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی واضح اجازت کے بغیر فوجی مداخلت کی۔ 2003 میں عراق پر حملہ ایسے دعوؤں کی بنیاد پر کیا گیا جو بعد میں بے بنیاد ثابت ہوئے۔ اس حملے نے پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کیا اور انسانی مصائب کی صورت میں بھاری نقصان پہنچایا۔
اسی طرح ایران پر کئی دہائیوں سے عائد پابندیوں نے عام شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کیا، لیکن ان کے نتیجے میں دیرپا مفاہمت پیدا کرنے میں بہت کم کامیابی ملی۔ وینزویلا کو بھی مسلسل معاشی اور سفارتی دباؤ کا سامنا رہا ہے، جس کا مقصد اس کی حکومت کو کمزور اور تنہا کرنا ہے۔ اس کے باوجود ان میں سے کسی اقدام کے نتیجے میں جی 7 سے معطلی کا مطالبہ نہیں کیا گیا۔ کسی ہنگامی سربراہی اجلاس میں یہ اعلان نہیں کیا گیا کہ ایسا طرزِ عمل بین الاقوامی اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔ کسی ملک کی رکنیت پر سوال نہیں اٹھایا گیا۔
کریمیا میں روس کے اقدامات کی حمایت کیے بغیر بھی اس تضاد کو تسلیم کیا جا سکتا ہے۔ اگر فوجی مداخلت، حکومت کی تبدیلی اور خودمختاری کی خلاف ورزی کسی ملک کو خارج کرنے کا جواز ہیں تو پھر اصولوں کا یکساں اطلاق اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ تمام بڑی طاقتوں کے اقدامات کا بھی اسی کسوٹی پر جائزہ لیا جائے۔ اس کے بجائے دنیا کے بیشتر ممالک کو یہ تاثر ملتا ہے کہ دوست ممالک کو رعایت دی جاتی ہے، جبکہ حریفوں کو سزا کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس تاثر نے مغرب کی قیادت میں قائم اداروں کی اخلاقی ساکھ کو بتدریج نقصان پہنچایا ہے۔ ایشیا، افریقہ، لاطینی امریکا اور مشرق وسطیٰ کی متعدد حکومتیں نام نہاد اصولوں پر مبنی عالمی نظام کو بڑھتے ہوئے شکوک و شبہات کی نظر سے دیکھ رہی ہیں۔ ان کی تشویش اصولوں کے وجود پر نہیں بلکہ اس غیر مساوی طریقے پر ہے جس کے تحت ان اصولوں کا اطلاق کیا جاتا ہے۔
2026 کی دنیا اب 1975 کی دنیا نہیں رہی۔ چین ایک سپر پاور بن کر ابھرا ہے، بھارت عالمی سطح پر ایک اہم کردار کا حامل ملک بن چکا ہے، جبکہ گلوبل ساؤتھ کے ممالک عالمی امور میں زیادہ مؤثر آواز اور کردار کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ متبادل فورمز اور شراکت داریاں بھی مقبولیت حاصل کر رہی ہیں اور ان اداروں کو چیلنج کر رہی ہیں جنہیں کبھی غیر متنازع عالمی حیثیت حاصل تھی۔
لہٰذا روس کو جی 8 سے نکالنے کا معاملہ محض کریمیا تک محدود نہیں تھا۔ اس اقدام نے سرد جنگ کے بعد قائم ہونے والے اس تصور کے خاتمے کی نشاندہی کی کہ روس کو مغرب کی قیادت میں قائم عالمی نظام میں مغرب کی شرائط پر ضم کیا جا سکتا ہے۔ اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ اس نے ایک ایسی حقیقت کو بے نقاب کیا جس کا شبہ بہت سے لوگوں کو طویل عرصے سے تھا: بین الاقوامی سطح کے بااثر اور محدود رکنیت والے فورمز عالمی طرزِ عمل کے غیر جانب دار منصف نہیں ہوتے، بلکہ ایسے سیاسی ادارے ہوتے ہیں جن کی تشکیل ان کے طاقتور ترین ارکان کے مفادات کے مطابق ہوتی ہے۔
چرچل کا مشاہدہ آج بھی اتنا ہی متعلقہ ہے جتنا ایک صدی سے زیادہ عرصہ قبل تھا۔ بڑی طاقتوں کے درمیان مسابقت ختم نہیں ہوئی، بلکہ اس نے صرف نئی شکلیں اختیار کرلی ہیں۔ روس کی جی 8 سے علیحدگی کا دیرپا سبق یہ ہے کہ اداروں کو اختیار اور ساکھ صرف طاقت سے نہیں بلکہ ان کی قانونی و اخلاقی حیثیت اور جواز سے بھی حاصل ہوتی ہے۔ جب اصولوں کا اطلاق منتخب انداز میں کیا جاتا ہے تو ساکھ ختم ہونے لگتی ہے۔ اور جب ساکھ ختم ہوتی ہے تو دنیا کے سب سے زیادہ محدود رکنیت والے کلب بھی اپنی اخلاقی بالادستی کے دعوے سے محروم ہونے لگتے ہیں۔