تربیلا پن بجلی منصوبے میں پانی داخل، تمام کارکن بحفاظت نکال لیے گئے
- واپڈا کے مطابق سرنگ کی کھدائی کے دوران کمزور چٹانی حصہ منہدم ہوگیا
واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے پیر کو جاری کردہ اعلامیے میں بتایا ہے کہ تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی دوسری بینچ کنیکٹنگ ٹنل میں کھدائی کے دوران پانی داخل ہونے کے واقعے کے بعد تمام کارکنوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
واپڈا کے مطابق سرنگ کی کھدائی کے دوران کمزور چٹانی حصہ منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں انٹیک پٹ سے پانی سرنگ اور زیر تعمیر پاور ہاؤس کے حصے میں داخل ہوگیا۔ تاہم تمام کارکنوں کو فوری طور پر بحفاظت نکال لیا گیا اور کسی قسم کے جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
واپڈا نے بتایا کہ انٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے اور اب زیر تعمیر منصوبے کے نچلے حصوں میں مزید پانی داخل نہیں ہو رہا۔ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے بھی پانی نکالنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
واپڈا کے سینئر افسران، منصوبے کے انجینئر اور ٹھیکیدار صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ ٹی 5 منصوبے کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جاسکیں۔
واپڈا نے وضاحت کی کہ ٹی 5 سرنگ منہدم ہونے سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات درست نہیں ہیں۔ ادارے کے مطابق مرکزی سرنگ، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔