انگلینڈ کے کھلاڑی پرتھ کی باؤنسی پچ کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، میک کولم
- آسٹریلیا نے تجربہ کار فاسٹ بولرز پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور مچل اسٹارک کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے
انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیم کے کوچ برینڈن میک کولم نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ ان کے بلے باز پرتھ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کی شارٹ بالز کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ انگلینڈ نے واکا گراؤنڈ میں وارم اپ میچ کھیل کر مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگی حاصل کرلی ہے۔
تین ون ڈے میچوں کی سیریز سے قبل اپنے واحد پریکٹس میچ میں انگلینڈ نے ویسٹرن آسٹریلیا کو 92 رنز سے شکست دی۔
میک کولم کے مطابق پرتھ کی بڑی باؤنڈریز کے باعث شارٹ بال باؤلرز کا مؤثر ہتھیار ہوتی ہے، تاہم بلے بازوں کو اس پر رنز بنانے کے طریقے تلاش کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے تمام کھلاڑی شارٹ بال کھیلنے کی اچھی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر نے پریکٹس میچ میں 34 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ میک کولم نے ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اچھی ردھم میں دکھائی دیے۔ دوسری جانب انگلینڈ کو فاسٹ باؤلر جوش ٹنگ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، جو پاؤں کے انگوٹھے کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں۔
آسٹریلیا جنوبی افریقا کے خلاف حالیہ سیریز میں شکست کے بعد واپسی کے لیے پُرعزم ہے، تاہم 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق نئی بحث ٹیم کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہے۔ میزبان ٹیم نے تجربہ کار فاسٹ باؤلرز پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور مچل اسٹارک کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔