✕
کاروبار اور معیشت

مصطفیٰ رامدے پی ایس او کے چیئرمین مقرر

  • مصطفیٰ رامدے کو آئینی، تجارتی اور توانائی کے شعبوں سے متعلق قانون سازی اور قانونی امور میں 28 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے
شائع اپ ڈیٹ

حکومت نے پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ (پی ایس او) کے بورڈ آف مینجمنٹ کی ازسرِنو تشکیل کرتے ہوئے مصطفیٰ رامدے کو فوری طور پر تین سال کے لیے چیئرمین اور آزاد ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے۔ جمعہ کو جاری بیان میں یہ بات بتائی گئی۔

بیان کے مطابق مصطفیٰ رامدے کو آئینی، تجارتی اور توانائی کے شعبوں سے متعلق قانون سازی اور قانونی امور میں 28 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔

وہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے وکیل اور سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب رہ چکے ہیں۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)، بجلی کی پیداوار اور صاف توانائی کے منصوبوں کے قانونی ڈھانچے سے متعلق مشاورت فراہم کی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے تیل، گیس اور بجلی کے شعبوں سے وابستہ اداروں کی بین الاقوامی ثالثی کے مقدمات میں نمائندگی بھی کی ہے۔ چیمبرز اینڈ پارٹنرز نے انہیں پاکستان میں تنازعات کے حل اور عدالتی مقدمات کے حوالے سے اپنی اعلیٰ ترین درجہ بندی میں شامل کیا ہے۔

عہدہ سنبھالنے کے بعد مصطفیٰ رامدے نے تصدیق کی کہ وہ پی ایس او میں اعزازی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے اور ڈائریکٹر کی فیس سمیت کام سے متعلق تمام اخراجات وصول نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں کمپنی اور تمام متعلقہ افراد پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پی ایس او کے کسی بھی کام کے سلسلے میں، خواہ وہ پاکستان کے اندر ہو یا بیرون ملک، میں ڈائریکٹر کی فیس، سفری اخراجات، قیام و طعام یا کسی بھی دوسرے اخراجات کی مد میں کوئی رقم وصول نہیں کروں گا، حالانکہ میں ان اخراجات کا قانونی طور پر حق دار ہوں۔

ازسرِنو تشکیل دیے گئے بورڈ میں درج ذیل ارکان شامل ہیں:

  • ڈائریکٹر………….کیٹیگری
  • مصطفیٰ رامدے چیئرمین / آزاد ڈائریکٹر
  • منیب الحق آزاد ڈائریکٹر
  • آفتاب حسین آزاد ڈائریکٹر
  • امتیاز حسین قاضی آزاد ڈائریکٹر
  • سائرہ شاہد حسین آزاد ڈائریکٹر
  • سیکرٹری، پیٹرولیم ڈویژن (یا کم از کم بی ایس-20 گریڈ کا نمائندہ) ایکس آفیشیو ڈائریکٹر
  • سیکرٹری، پاور ڈویژن (یا کم از کم بی ایس-20 گریڈ کا نمائندہ) ایکس آفیشیو ڈائریکٹر
  • سیکرٹری، فنانس ڈویژن (یا کم از کم بی ایس-20 گریڈ کا نمائندہ) ایکس آفیشیو ڈائریکٹر
  • چیف ایگزیکٹو آفیسر، پاکستان ایل این جی لمیٹڈ ایکس آفیشیو ڈائریکٹر

پی ایس او پاکستان کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی ہے، جسے اس شعبے میں سب سے زیادہ مارکیٹ شیئر حاصل ہے۔ کمپنی مختلف پیٹرولیم مصنوعات کی مارکیٹنگ اور تقسیم میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جن میں موٹر گیسولین (موگاس)، ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی)، فرنس آئل، جیٹ فیول (جے پی ون)، مٹی کا تیل، کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی)، مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی)، پیٹروکیمیکلز اور لبریکنٹس شامل ہیں۔

کمپنی مقامی طلب پوری کرنے کے لیے اہم پیٹرولیم مصنوعات درآمد بھی کرتی ہے اور ملک میں سب سے وسیع تقسیم کا نیٹ ورک رکھتی ہے۔ اس نیٹ ورک میں 3,649 ریٹیل آؤٹ لیٹس، 9 بڑے تنصیبی مراکز، 19 ڈپو اور 15 ہوائی اڈوں پر طیاروں کو ایندھن فراہم کرنے کی سہولتیں شامل ہیں۔

حکومت پاکستان پی ایس او کی سب سے بڑی حصص یافتہ ہے اور کمپنی میں اس کے حصص کا تناسب 22.47 فیصد ہے۔