فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث کرکٹ میچ دہلی سے منتقل
- سردیوں میں دہلی کی آلودگی مزید بڑھ جاتی ہے، سری لنکا اور میزبان ٹیم کے درمیان 13 دسمبر کو ہونے والا میچ اب ساحلی شہر وشاکھاپٹنم میں کھیلا جائے گا
بھارتی کرکٹ بورڈ نے فضائی آلودگی میں غیر معمولی اضافے کے باعث دسمبر میں شیڈول بھارت اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل میچ نئی دہلی سے وشاکھاپٹنم منتقل کردیا ہے۔
جمعے کو دہلی میں فضائی آلودگی کی سطح عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی مقررہ یومیہ حد سے 25 گنا سے بھی تجاوز کرگئی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 13 دسمبر کو ہونے والا میچ اب ساحلی شہر وشاکھاپٹنم میں کھیلا جائے گا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق میچ کی منتقلی کا فیصلہ ممکنہ موسمی خرابی اور دہلی کے اسٹیڈیم میں مجوزہ تزئین و آرائش کے پیش نظر کیا گیا۔
سردیوں میں دہلی کی آلودگی مزید بڑھ جاتی ہے اور پی ایم 2.5 کی سطح 800 مائیکروگرام فی مکعب میٹر سے تجاوز کرسکتی ہے، جو عالمی ادارۂ صحت کی مقررہ حد سے 50 گنا زیادہ ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق 2023 میں دہلی میں ہونے والی 17 ہزار 188 اموات کا تعلق فضائی آلودگی سے تھا، جو مجموعی اموات کا تقریباً 15 فیصد بنتا ہے۔
ماہرین کے مطابق دیوالی کے موقع پر آتش بازی کے باعث اتوار کو فضائی آلودگی میں مزید اضافے کا خدشہ ہے