✕
مارکٹس

مغل انرجی کا 25 میگاواٹ کا سولر پاور پلانٹ لگانے کی منظوری کا اعلان

  • منصوبے کے لیے قرض اور ایکویٹی کی مشترکہ بنیاد پر مالی وسائل فراہم کیے جائیں گے
شائع اپ ڈیٹ

مغل آئرن اینڈ اسٹیل انڈسٹریز لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی مغل انرجی لمیٹڈ نے اپنے موجودہ بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ کی معاون بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 25 میگاواٹ کا سولر پاور پلانٹ لگانے کی منظوری دے دی ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بدھ کو ہونے والے اجلاس میں اس منصوبے کی منظوری دی۔

کمپنی کے مطابق مجوزہ منصوبے کے لیے قرض اور ایکویٹی کے امتزاج سے مالی وسائل فراہم کیے جائیں گے، جس میں اسپانسرز اور ڈائریکٹرز کی سرمایہ کاری بھی شامل ہوگی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حتمی مالیاتی ڈھانچہ، بشمول قرض اور ایکویٹی کا تناسب، مالیاتی انتظامات، منصوبے کی ضروریات اور تجارتی امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کیا جائے گا۔

کمپنی نے منصوبے کی متوقع لاگت یا اس کی تکمیل کے لیے مقررہ مدت کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔اس سے قبل اگست میں مغل انرجی لمیٹڈ نے اپنے کیپٹو ہائبرڈ پاور پلانٹ منصوبے کی مرکزی 31.50 میگاواٹ ٹربائن کامیابی سے فعال کر دی تھی۔

مغل آئرن اینڈ اسٹیل انڈسٹریز لمیٹڈ کو 16 فروری 2010 کو پاکستان میں پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر سابق کمپنیز آرڈیننس 1984 (جو اب کمپنیز ایکٹ 2017 سے تبدیل ہو چکا ہے) کے تحت قائم کیا گیا تھا۔

کمپنی لوہے اور غیر لوہے کی دھاتوں سے متعلق کاروباری شعبوں میں کام کرتی ہے، تاہم اس کی بنیادی سرگرمی لوہے کے شعبے میں مائلڈ اسٹیل مصنوعات کی تیاری اور فروخت ہے۔