✕
مارکٹس

پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 45 پیسے اور ڈیزل میں 3 روپے 68 پیسے فی لیٹر کمی

  • نئی قیمتوں کا اطلاق 4 نومبر کیلئے ہوگا
شائع اپ ڈیٹ

حکومتِ پاکستان نے منگل کے روز پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 45 پیسے کمی کر کے 369 روپے 6 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 68 پیسے کمی کے بعد 391 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 4 نومبر 2026 سے ہوگا۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وفاقی حکومت کے پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔

اس سے قبل حکومت نے پیر کے روز ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 7 روپے 76 پیسے کمی کرکے 395 روپے 20 پیسے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے کمی کے بعد 374 روپے 51 پیسے فی لیٹر مقرر کی تھی۔

عالمی منڈی میں منگل کے روز تیل کی قیمتیں تقریباً 2 فیصد گر کر تین ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔ کاروبار کے دوران قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، کیونکہ مارکیٹ یوکرین اور ایران کی جنگوں کے خاتمے کے لیے جاری مذاکرات اور دونوں تنازعات میں حالیہ حملوں کے باعث تیل کی رسد میں مزید خلل پڑنے کے خدشات کا جائزہ لے رہی تھی۔

دنیا کی نظریں امریکی وسط مدتی انتخابات پر بھی لگی ہوئی ہیں، جن کے نتائج سے یہ اندازہ ہوگا کہ امریکی ووٹرز صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدتِ صدارت کے ابتدائی دو برسوں کی کارکردگی کو کس نظر سے دیکھتے ہیں۔ رائے عامہ کے جائزوں اور غیر جانب دار تجزیہ کاروں کے مطابق ڈیموکریٹس کو ایوانِ نمائندگان میں ری پبلکنز سے اکثریت چھیننے کا موقع حاصل ہے، جبکہ سینیٹ کا کنٹرول تاحال غیر یقینی ہے۔