✕

عطاء اللہ تارڑ اور سعودی سفیر کے درمیان پاکستانی ڈراموں کو سعودی عرب میں متعارف کرانے پر تبادلۂ خیال

  • پاکستانی ڈرامے خاندانی اقدار، مشرقی روایات اور اسلامی ثقافت کے عکاس ہیں، وفاقی وزیرِ اطلاعات
شائع اپ ڈیٹ

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان میڈیا، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سعودی سفیر ڈاکٹر راجح تامی البلووی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق دونوں اہم شخصیات کے درمیان ملاقات میں پاکستانی ڈراموں کو سعودی عرب میں متعارف کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے خاندانی اقدار، مشرقی روایات اور اسلامی ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہیں، جبکہ میڈیا، ثقافت، ڈرامہ، موسیقی، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے شعبے میں مضبوط شراکت داری کا عکاس ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان نسل در نسل قائم تعلقات محض سفارتی یا سیاسی روابط تک محدود نہیں بلکہ مضبوط تاریخی، مذہبی اور عوامی رشتوں پر استوار ہیں۔

دونوں فریقین نے اطلاعات، نشریات، میڈیا اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے دونوں ممالک کے درمیان ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، موسیقاروں، میڈیا نمائندوں اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں پر مشتمل وفود کے تبادلوں کی تجویز بھی پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن اور تاریخی مقامات سے مالا مال ہے، جو اسے سیاحت کے لیے ایک پُرکشش ملک بناتے ہیں۔ انہوں نے سعودی میڈیا نمائندوں، سیاحوں اور ڈیجیٹل انفلوئنسرز کو پاکستان کے مختلف سیاحتی مقامات کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

عطاء اللہ تارڑ نے غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے، حقائق کی جانچ پڑتال کے نظام کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کی مشترکہ ثقافتی اقدار کی عکاسی کرنے والا مواد تیار کرنے کے لیے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے ان مقاصد کے حصول کے لیے دونوں ممالک کے فوکل پرسنز اور تکنیکی ٹیموں پر مشتمل مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز بھی دی۔

سعودی سفیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد، احترام اور سیاسی و عسکری تعاون کو باعثِ فخر قرار دیا۔