حبکو آئندہ ماہ پاکستان میں بی وائی ڈی گاڑیوں کی مقامی پیداوار شروع کرے گی، سیلین 6 پہلی مقامی اسمبل شدہ گاڑی ہوگی
- ابتدائی طور پر اس پلانٹ میں دو شفٹوں کے دوران سالانہ 25 ہزار گاڑیاں تیار کرنے کی صلاحیت ہوگی، جسے بعد ازاں بڑھا کر سالانہ 50 ہزار گاڑیوں تک لے جایا جا سکے گا
حب پاور کمپنی (حبکو) دسمبر 2026 میں چین کی معروف آٹو موبائل کمپنی بی وائی ڈی کی گاڑیوں کی مقامی پیداوار شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جس کے تحت سیلین 6 پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل پاکستان میں مقامی طور پر اسمبل ہونے والا اس کا پہلا ماڈل ہوگا۔ حبکو کی انتظامیہ نے منگل کو تجزیہ کاروں کے ساتھ بریفنگ سیشن میں یہ بات بتائی۔
اجلاس میں شرکت کرنے والی عارف حبیب لمیٹڈ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کمپنی کا الیکٹرک موبیلٹی کاروبار تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ بی وائی ڈی کی مجموعی فروخت 10 ہزار گاڑیوں سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں اس کاروبار نے تقریباً 1.5 ارب روپے منافع حاصل کیا، جس میں حبکو کا حصہ 78 کروڑ روپے رہا۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے مطابق انتظامیہ کو توقع ہے کہ دسمبر 2026 میں مقامی سطح پر سی کے ڈی بنیادوں پر گاڑیوں کی پیداوار شروع ہونے کے بعد کاروبار کی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی۔ سیلین 6 پلگ اِن ہائبرڈ گاڑی مقامی طور پر اسمبل ہونے والا پہلا ماڈل ہوگا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کمپنی دیگر ماڈلز، خصوصاً بی اور سی سیگمنٹ کی زیادہ فروخت کی صلاحیت رکھنے والی گاڑیوں کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔ سیلین 6، بی 8 اور بی 5 ماڈلز 2026 کے اختتام کے قریب متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔
حبکو نے بی وائی ڈی پلانٹ میں تاخیر کی تردید کرتے ہوئے 2026 کے اختتام تک پیداوار شروع کرنے کا ہدف برقرار رکھا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حبکو چینی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی بی وائی ڈی کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے آٹوموبائل شعبے میں اپنی سرمایہ کاری بڑھا رہی ہے۔
بی وائی ڈی نے مارچ 2024 میں باضابطہ طور پر پاکستان کی مسافر گاڑیوں کی مارکیٹ میں قدم رکھا تھا۔ یہ پیش رفت کمپنی کے لیے اہم سنگ میل تھی، کیونکہ اس کے ذریعے اس نے جنوبی ایشیا کی بڑی منڈیوں میں سے ایک میں داخلہ حاصل کیا۔
چینی کمپنی نے میگا کنسورشیم پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ شراکت داری کی، جس نے بعد میں اپنی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی حب پاور ہولڈنگز اور منسلک کمپنی میگا موٹر کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ذریعے اس تعلق کی وضاحت کی۔
میگا موٹر کمپنی پاکستان میں بی وائی ڈی برانڈ کی مسافر الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری، مارکیٹنگ اور تقسیم کی ذمہ دار ہے۔ حبکو، جو میگا موٹر کمپنی کی پیرنٹ کمپنی ہے، نے اپنے پاور پلانٹس کے ساتھ چارجنگ انفرااسٹرکچر کی ترقی میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے قریب واقع گاڑیوں کا پلانٹ بی وائی ڈی اور میگا موٹر کمپنی کی مشترکہ شراکت داری کا منصوبہ ہے۔ ابتدائی طور پر اس پلانٹ میں دو شفٹوں کے دوران سالانہ 25 ہزار گاڑیاں تیار کرنے کی صلاحیت ہوگی، جسے بعد ازاں بڑھا کر سالانہ 50 ہزار گاڑیوں تک لے جایا جا سکے گا۔