✕
دنیا

بھارت کی ریاست منی پور میں نسلی تشدد کے واقعات، پانچ افراد ہلاک

  • کوکی قبائلی تنظیم نے ہلاکتوں کا الزام ناگا علیحدگی پسند گروہوں پر عائد کردیا
شائع اپ ڈیٹ

بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں نسلی تشدد کے تازہ واقعات میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہفتے کو ضلع نونی میں نامعلوم مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کوکی قبیلے کے تین افراد مارے گئے۔

پولیس کے مطابق اسی برادری کے دو مزید افراد کی لاشیں اتوار کی صبح ضلع کانگ پوکپی سے برآمد ہوئیں، جو رواں ہفتے کے آغاز سے لاپتا تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے ان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کی تھی۔

کوکی قبائلی تنظیم نے ہلاکتوں کا الزام ناگا علیحدگی پسند گروہوں پر عائد کرتے ہوئے اسے اپنی سرزمین پر بلااشتعال حملہ قرار دیا۔

یہ واقعات ریاستی دارالحکومت امپھال سمیت مختلف علاقوں میں بڑے احتجاجی مظاہروں کے دوران پیش آئے، جہاں مظاہرین نے کوکی مسلح گروہوں اور بھارتی حکومت کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

کوکی اور ناگا قبائل کے درمیان آبائی علاقوں کے دعوؤں پر طویل عرصے سے کشیدگی جاری ہے۔ منی پور میں مئی 2023 سے میتی برادری کے ساتھ تنازع بھی جاری ہے، جس میں 300 سے زائد افراد ہلاک اور 60 ہزار سے زیادہ بے گھر ہوچکے ہیں، جو تاحال عارضی پناہ گاہوں میں مقیم ہیں۔