✕
کھیل

کامندو کی پہلی ون ڈے سنچری، سری لنکا کا فیصلہ کن میچ میں پاکستان کو 326 رنز کا ہدف

  • کامندو مینڈس نے 128 گیندوں پر 131 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، پَون رتھنائیکے نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 77 رنز اسکور کیے
شائع اپ ڈیٹ

کامندو مینڈس کی پہلی ون ڈے سنچری اور عمدہ فارم میں موجود پَون رتھنائیکے کے 77 رنز کی بدولت سری لنکا نے ہفتے کے روز پاکستان کے خلاف سہ ملکی سیریز کے فائنل میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنالیے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس نے قذافی اسٹیڈیم کی سست وکٹ پر مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے۔

کامندو مینڈس نے 128 گیندوں پر 131 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ پَون رتھنائیکے نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 77 رنز اسکور کیے۔

دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 146 رنز کی اہم شراکت قائم کی، تاہم پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے دو اوورز کے دوران کامندو مینڈس اور داسن شناکا (17) کو پویلین بھیج دیا۔

اس سے قبل کامندو مینڈس اور اویشکا فرنینڈو نے پہلی وکٹ کے لیے 18 اوورز کے اندر 87 رنز جوڑ کر سری لنکا کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ اویشکا فرنینڈو نے 38 رنز بنائے۔

پاکستانی اسپنر سلمان آغا نے دو اہم وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اویشکا فرنینڈو اور کوشل مینڈس (8) کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے 44 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

کامندو مینڈس نے اننگز کو سنبھالے رکھا اور 12 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ اس سے قبل ون ڈے کرکٹ میں ان کا بہترین انفرادی اسکور 64 رنز تھا۔

پاکستان نے آخری پانچ اوورز میں عمدہ بولنگ کرتے ہوئے صرف 38 رنز کے عوض سری لنکا کی 3 وکٹیں حاصل کیں اور اسے مزید بڑا مجموعہ بنانے سے روک دیا۔

شاہین شاہ آفریدی نے 50 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حارث رؤف اور نسیم شاہ نے بھی 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔