✕
مارکٹس

کم قیمتوں پر خریداری سے پام آئل ایک فیصد سے زائد مہنگا، ہفتہ وار گراوٹ کا امکان برقرار

  • پام آئل کے بینچ مارک کنٹریکٹ کی قیمت 53 رنگٹ یا 1.15 فیصد اضافے سے 4,669 رنگٹ فی میٹرک ٹن ہوگئی
شائع اپ ڈیٹ

ملائیشین پام آئل کے مستقبل کے سودوں کی قیمتوں میں جمعہ کو ایک فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا جس کی وجہ کم قیمتوں پر خریداری اور ڈالیان میں پام اولیئن اور شکاگو میں سویا آئل کی قیمتوں میں اضافہ تھا تاہم اس کے باوجود گزشتہ چار ہفتوں میں پہلی بار ہفتہ وار بنیاد پر قیمتوں میں کمی کا امکان برقرار رہا۔

برسا ملائیشیا ڈیریویٹوز ایکسچینج میں جنوری کی ترسیل کے لیے پام آئل کے بینچ مارک کنٹریکٹ کی قیمت دوپہر کے وقفے تک 53 رنگٹ یا 1.15 فیصد اضافے سے 4,669 رنگٹ (1,150.85 ڈالر) فی میٹرک ٹن ہوگئی۔

تاہم رواں ہفتے اب تک اس کنٹریکٹ کی قیمت میں 3.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

ممبئی میں قائم ویجیٹیبل آئل بروکر سن وِن گروپ کے سربراہِ تحقیق انیل کمار باگانی نے کہا کہ ایشیائی کاروباری اوقات کے دوران ڈالیان میں پام اولیئن اور شکاگو میں سویا آئل کی قیمتوں میں تیزی سے بحالی کے بعد خام پام آئل کے مستقبل کے سودوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔

انیل کمار باگانی نے کہا کہ کم قیمتوں پر خریداری کے باعث پام آئل کی قیمتوں میں بھی بحالی ہوئی جبکہ جنوری 2027 کے بینچ مارک فیوچرز کنٹریکٹ کے لیے 4,600 رنگٹ سے نیچے قیمتوں کو مضبوط تکنیکی سپورٹ حاصل رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب مارکیٹ کی توجہ ملائیشیا کے اکتوبر کے پورے ماہ کے پام آئل کی برآمدات اور پیداوار کے اعدادوشمار کے ساتھ ذخائر میں متوقع اضافے پر مرکوز ہوگئی ہے۔

ڈالیان میں سویا آئل کے سب سے زیادہ کاروبار ہونے والے کنٹریکٹ کی قیمت میں 0.61 فیصد اضافہ ہوا جب کہ پام آئل کا کنٹریکٹ 0.89 فیصد بڑھ گیا۔

شکاگو بورڈ آف ٹریڈ میں سویا آئل کی قیمتیں بھی 0.88 فیصد اضافے کے ساتھ کاروبار کرتی رہیں۔

پام آئل کی قیمتوں کا رجحان دیگر خوردنی تیل کی قیمتوں سے جڑا ہوتا ہے کیونکہ عالمی نباتاتی تیل کی منڈی میں ان کا ایک دوسرے سے مقابلہ ہے۔