✕
کاروبار اور معیشت

ای وی مارکیٹ میں ایئر لنک کی انٹری، 4 نومبر کو الیکٹرک بائیک برانڈ کی رونمائی

  • الیکٹرک بائیکس کی فراہمی تقریباً ایک ہفتے میں شروع ہونے کی توقع
شائع اپ ڈیٹ

ایئرلنک کمیونیکیشن لمیٹڈ 4 نومبر 2026 کو اپنا الیکٹرک موٹر سائیکل برانڈ ایئر ای وی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے جبکہ موٹر سائیکلوں کی صارفین کو فراہمی تقریباً ایک ہفتے بعد شروع ہونے کی توقع ہے۔ کمپنی اس اقدام کے ذریعے پاکستان کی الیکٹرک موبیلٹی مارکیٹ میں قدم جمانے اور بتدریج مقامی سطح پر مینوفیکچرنگ کا دائرہ وسیع کرنے کی خواہاں ہے۔

عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کی منگل کو جاری کردہ تحقیقی رپورٹ کے مطابق، کمپنی کی انتظامیہ نے سالانہ جنرل اجلاس کے دوران اس منصوبے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایئر لنک ابتدائی طور پر مسابقتی قیمتوں پر الیکٹرک موٹر سائیکلیں فراہم کرنے والے بین الاقوامی شراکت داروں سے بائیکس حاصل کرے گی جس کے بعد مرحلہ وار مقامی اسمبلنگ اور مینوفیکچرنگ کی جانب پیش رفت کی جائے گی۔

الیکٹرک موٹر سائیکلوں میں تبدیل کی جا سکنے والی لیتھیم آئن بیٹریاں استعمال ہوں گی۔ اے ایچ ایل کے مطابق، بیٹریاں ابتدائی طور پر مقامی مارکیٹ سے حاصل کی جائیں گی جبکہ کمپنی کا ہدف وقت کے ساتھ مقامی سطح پر تیاری کا تناسب بڑھا کر 95 فیصد تک پہنچانا ہے۔

یہ پیش رفت ایئر لنک کی جانب سے موبائل فونز کے بنیادی کاروبار سے آگے بڑھتے ہوئے الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں توسیع کی عکاس ہے۔ کمپنی اس کے ذریعے آمدن کے نئے ذرائع پیدا کرنے اور اپنی کاروباری سرگرمیوں کو متنوع بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

ایئر لنک صارفین کی گھریلو برقی مصنوعات کی فروخت بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے۔ کمپنی نے اس مقصد کے لیے ایئرفن قائم کیا ہے جس کے ذریعے اسمارٹ فونز، ٹیلی ویژن، ایئر کنڈیشنرز اور الیکٹرک موٹر سائیکلوں کی خریداری کے لیے اب خریدیں، بعد میں ادائیگی کریں (BNPL) کے تحت مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

انتظامیہ کے مطابق، پاکستان کی بی این پی ایل مارکیٹ میں ترقی کے نمایاں امکانات موجود ہیں جن سے ابھی بھرپور فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا۔ کمپنی کو توقع ہے کہ یہ سہولت خالص منافع کے مارجن کو بہتر بنانے اور موبائل فونز کی فروخت میں سست روی کے اثرات کم کرنے میں مدد دے گی۔

انتظامیہ کا خیال ہے کہ ماہانہ اقساط کی سہولت کے ذریعے نئے اسمارٹ فونز صارفین کے لیے زیادہ قابلِ استطاعت بنائے جا سکیں گے۔ اس سے کمپنی کو استعمال شدہ موبائل فونز کی مارکیٹ میں مقابلہ کرنے میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔

ریسرچ نوٹ کے مطابق ایئر لنک کو توقع ہے کہ ایئر کنڈیشنرز کی فروخت 2027 میں 65 ہزار یونٹس اور 2028 میں 95 ہزار یونٹس تک پہنچ جائے گی۔ اسی طرح ٹیلی ویژن کی فروخت 2027 میں 50 ہزار اور 2028 میں 65 ہزار یونٹس رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ جنوری 2014 میں پاکستان میں ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم ہوئی جسے بعد ازاں اپریل 2019 میں پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کر دیا گیا۔

کمپنی مواصلاتی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق مصنوعات اور خدمات کی درآمد، برآمد، تقسیم، انڈینٹنگ، تھوک اور پرچون فروخت کے کاروبار سے وابستہ ہے۔ اس کی مصنوعات میں اسمارٹ فونز، سیلولر فونز، ٹیبلٹس، لیپ ٹاپ کے لوازمات اور دیگر متعلقہ مصنوعات شامل ہیں۔

اس سے قبل جولائی میں ایئر لنک نے اپنے برانڈ ایئر وی کے تحت الیکٹرک موٹر سائیکلوں کی تیاری کے لیے ایک مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔