✕
پاکستان

حوثیوں کے میزائل حملے، پاکستان کا سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی

  • پاکستان نے سعودی عرب کے علاقوں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کی
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان نے پیر کو حوثی فورسز کی جانب سے سعودی عرب کے علاقوں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کی، جن میں مقدس مقامات کے آس پاس کے علاقے بھی شامل تھے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان نے ان حملوں کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ ان علاقوں کو نشانہ بنانا اسلام کے مقدس ترین مقامات کے تقدس اور شہریوں کی سلامتی کو صریحاً نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔

اسلام آباد نے اپنے دوٹوک مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا اور مکہ اتحاد سے اپنی وابستگی کی توثیق کی۔ پاکستان نے سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور دفاع کے لیے ثابت قدم حمایت کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں مقدس مساجد کو کسی بھی بیرونی جارحیت یا خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

دفتر خارجہ نے میزائل حملوں کو کامیابی سے ناکام بنانے پر سعودی فضائی دفاعی افواج کی مستعدی اور مؤثر کارروائی کو بھی سراہا۔

یہ پیش رفت یمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائیاں کرنے والے سعودی قیادت کے اتحاد کے اس اعلان کے چند روز بعد سامنے آئی ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ اس نے سعودی عرب کے مغربی علاقوں طائف اور ینبع کی جانب داغے گئے دو میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔

یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب ریاض کے شہری دفاع کے ادارے نے اس سے کچھ دیر قبل مغربی سعودی عرب کے چار علاقوں میں ممکنہ خطرے سے متعلق انتباہ جاری کیا تھا۔ ان علاقوں میں طائف، ینبع، مکہ مکرمہ، جہاں اسلام کا مقدس ترین شہر واقع ہے، اور جدہ شامل تھے۔