این ایچ اے کا آمدن ہدف 160 ارب روپے مقرر، اخراجات 50 ارب روپے تک محدود کرنے کا فیصلہ كرلیا، علیم خان
- لاہور، اسلام آباد کا فاصلہ 380 سے کم کرکے 280 کلومیٹر کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے، جس سے گوجرانوالہ، گجرات، لالہ موسیٰ، کھاریاں اور جہلم کے لیے سفری سہولت بہتر ہوگی، وفاقی وزیر مواصلات
وفاقی وزیر مواصلات علیم خان نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کا سالانہ آمدن ہدف 66 ارب روپے سے بڑھا کر 160 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اخراجات 50 ارب روپے تک محدود رکھے جائیں گے، تاکہ سڑکوں کے ترقیاتی منصوبے اپنے وسائل سے مکمل کیے جاسکیں۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹول ٹیکس اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی اضافی آمدن نئی سڑکوں کی تعمیر اور موجودہ شاہراہوں کی بہتری پر خرچ ہوگی۔
علیم خان کے مطابق لاہور، اسلام آباد کا فاصلہ 380 سے کم کرکے 280 کلومیٹر کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے، جس سے گوجرانوالہ، گجرات، لالہ موسیٰ، کھاریاں اور جہلم کے لیے سفری سہولت بہتر ہوگی۔ سیالکوٹ موٹروے کو چار سے چھ لین تک توسیع دی جارہی ہے، جس کے لیے این ایچ اے اپنے وسائل سے مزید 10 ارب روپے فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور، خیبر موٹروے منصوبہ 2027ء میں مکمل کرنے کا ہدف ہے، جبکہ بلوچستان ایکسپریس وے سے دور دراز علاقوں تک رسائی بہتر ہوگی۔
وزیر مواصلات نے صنعتی شعبے کو درپیش مالی مشکلات کے پیش نظر زیادہ شرح سود سے متاثرہ صنعت کاروں کے قرضوں کی تنظیمِ نو پر بھی زور دیا۔
ایل سی سی آئی کے صدر علی حسام اصغر نے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس میں اضافے سے قبل چیمبرز آف کامرس سے مشاورت کی جائے اور کاروباری قوانین میں ضروری اصلاحات کی جائیں۔