پاکستان، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب، جنہیں مشترکہ طور پر آر فور کہا جاتا ہے، نے فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے ساتھ مل کر علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور کشیدگی میں کمی کی فوری کوششوں پر زور دیا ہے۔
مذاکرات کے بعد جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے کے مطابق اس حوالے سے اتفاقِ رائے استنبول میں آٹھوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں ہوا۔
وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعات کے پائیدار اور مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں ایران کے ساتھ امریکا اور اسرائیل کی جنگ، اسرائیل فلسطین تنازع اور مذاکرات کے ذریعے دو ریاستی حل کی ضرورت شامل تھی۔
اجلاس میں حوثی ملیشیا کے سعودی عرب اور یمنی حکومت پر حملوں، بحری جہاز رانی کے تحفظ اور آزادی، آبنائے ہرمز اور باب المندب میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بحیرہ اسود کی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزرائے خارجہ نے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ تنازعات کے سکیورٹی، اقتصادی اور تجارتی اثرات سے نمٹنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے تنازعات کی روک تھام اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے اسی طرز پر مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔