✕
پاکستان

بلوچستان کے علاقے اوتھل کے قریب کوچ اور وین میں تصادم، 12 افراد جاں بحق، 25 سے زائد زخمی

  • جاں بحق افراد میں 5 خواتین اور سات مرد شامل ہیں
شائع اپ ڈیٹ

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں اوتھل کے قریب مسافر کوچ اور وین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے جمعے کو حادثے کی تصدیق کی۔

پولیس کے مطابق مسافر کوچ گوادر سے کراچی جا رہی تھی، جبکہ وین کراچی سے بیلہ کی جانب رواں دواں تھی۔

ایدھی لسبیلہ کے انچارج ڈاکٹر حکیم لا سی نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں کچھ ہی دیر میں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

انہوں نے تصدیق کی کہ جاں بحق افراد میں پانچ خواتین اور سات مرد شامل ہیں۔ کم از کم 22 شدید زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار مسافر کوچ سامنے سے آنے والی وین سے ٹکرا گئی۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس اور لیویز اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور حادثے کی وجوہات کا جائزہ لینا شروع کردیا۔ حکام کے مطابق شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی ہے۔