نئی منڈیوں تک رسائی کیلئے کولڈ اسٹوریج نظام بہتر بنانے کا مطالبہ
پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچوئلز فورم (پی بی آئی ایف) اور آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین اور ایف پی سی سی آئی کی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے سربراہ میاں زاہد حسین نے حکومت پر زور دیا ہے کہ نئی منڈیوں تک رسائی آسان بنانے کے لیے کولڈ اسٹوریج کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے، کلیئرنس کے طریقۂ کار کو تیز کیا جائے اور ملک میں جانچ اور سرٹیفکیشن کی سہولتوں کو مضبوط بنایا جائے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان میں بین الاقوامی معیار کے مطابق تسلیم شدہ لیبارٹریاں پہلے سے کام کر رہی ہیں، تاہم ان کی استعداد اور منظوری کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی ضرورت ہے تاکہ برآمدی منڈیوں میں درکار مخصوص ٹیسٹ کیے جاسکیں۔
میاں زاہد حسین نے کہا کہ حکومت کو کیڑے مار ادویات کی باقیات، مضر آلودگیوں اور غذائی تحفظ سے متعلق جانچ کو ترجیح دینی چاہیے۔ اس کے ساتھ یورپی یونین، خلیجی ممالک اور چین کے متعلقہ حکام اور خریداروں سے رابطے کرکے ٹیسٹ رپورٹس کی قبولیت یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ درآمد کرنے والے ممالک کے تقاضوں پر پورا اترنا ضروری ہے تاکہ برآمدات کے مواقع کو مستقل تجارتی تعلقات میں تبدیل کیا جاسکے۔
میاں زاہد حسین نے تجویز دی کہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ٹیسٹنگ اداروں کو پاکستان میں منظور شدہ لیبارٹریاں یا مشترکہ منصوبے قائم کرنے کی ترغیب دی جائے۔ اس مقصد کے لیے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی عملے کی تربیت کا بھی انتظام کیا جائے۔