وزیر خزانہ کی اسٹینڈرڈ چارٹرڈ سے سکوک اور پانڈا بانڈز کے اجرا پر بات چیت
- محمد اورنگزیب نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایس سی بی کی جانب سے اضافی ڈپازٹ مصنوعات متعارف کرانے اور روپے میں مالیت کے حامل سیکیورٹیز یا نقد رقم کے عوض فنانسنگ کی تجاویز کا خیرمقدم کیا
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کی بیرونی مالیاتی ضروریات پوری کرنے اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے لیے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک (ایس سی بی) کے ساتھ سکوک کے اجرا، مزید پانڈا بانڈز اور مالی وسائل کے حصول کے دیگر ممکنہ طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
یہ ملاقات تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں 2026 کے موقع پر ہوئی، جس میں زرمبادلہ کے ذخائر کے انتظام، ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن اور مالیاتی تعاون کے امور بھی زیر بحث آئے۔ گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) بھی وزیر خزانہ کے ہمراہ تھے۔
وزارت خزانہ کے مطابق، اورنگزیب نے پاکستان کی بیرونی مالیاتی ضروریات پوری کرنے میں معاونت اور عالمی سرمایہ منڈیوں میں ملک کی واپسی ممکن بنانے کے لیے ایس سی بی کے تعاون کو سراہا۔
انہوں نے ریفائنریوں کی ممکنہ اپ گریڈیشن کو بھی اجاگر کیا اور متعلقہ وزارتوں کے ذریعے اس حوالے سے مزید تجاویز پیش کرنے کا خیرمقدم کیا۔
مذاکرات میں ممکنہ سکوک، روپے میں مالیت کے حامل مگر ڈالر میں ادائیگی والے بانڈز، مزید پانڈا بانڈز اور ٹوکنائزیشن کے ممکنہ اقدامات پر غور کیا گیا۔ شرکا نے سونے کی پشت پناہی سے نقد رقوم کے حصول کے انتظامات اور توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے بچاؤ کے لیے ہیجنگ کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا، جبکہ سادہ طریقہ کار اور مسابقتی لاگت کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا۔
اورنگزیب نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایس سی بی کی جانب سے اضافی ڈپازٹ مصنوعات متعارف کرانے اور روپے میں مالیت کی حامل سیکیورٹیز یا نقد رقم کے عوض فنانسنگ کی تجاویز کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں ترجیحی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں، بالخصوص بجلی کی ترسیل، ریلوے اور سڑکوں کے لیے کثیرالجہتی ضمانتوں اور برآمدی قرضوں کی مالی معاونت کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
مذاکرات کا محور پاکستان کی بیرونی مالیاتی ضروریات پوری کرنے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں معاونت کے لیے مالیاتی ذرائع اور سرمایہ کاری کے انتظامات کے امکانات تلاش کرنا تھا۔