نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے ایلن، فرگوسن اور سیفرٹ کو منتخب کرلیا، رویندرا کی واپسی
- ایلن اور فاسٹ بولر فرگوسن نے 2023 کے بعد نیوزی لینڈ کی جانب سے کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیلا، سیفرٹ آخری بار 2025 میں ایک روزہ میچ کھیلے تھے
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ فن ایلن، لاکی فرگوسن اور ٹم سیفرٹ آئندہ ماہ بھارت کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔
ایلن اور فاسٹ بولر فرگوسن نے 2023 کے بعد نیوزی لینڈ کی جانب سے کوئی ون ڈے میچ نہیں کھیلا، جبکہ سیفرٹ آخری بار 2025 میں ایک روزہ میچ میں شریک ہوئے تھے۔
آل راؤنڈر راچن رویندرا بھی اسکواڈ میں واپس آگئے ہیں۔ وہ گزشتہ ماہ تشہیری شوٹ کے دوران دائیں کندھے کی ہڈی اترنے کے باعث 22 اکتوبر سے شروع ہونے والی ٹی 20 سیریز سے باہر ہوگئے تھے۔
ہیڈ کوچ روب والٹر نے کہا کہ ٹیم کے پاس 21 کھلاڑیوں کی صورت میں اچھا متبادل موجود ہے۔ ان کے مطابق لاکی، فن اور ٹم کی واپسی خوش آئند ہے، کیونکہ تینوں جارحانہ کھیل کے حامل اور میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
نیوزی لینڈ بھارت کے خلاف پانچ ٹی 20، پانچ ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے گا۔ پہلے تین ون ڈے میچز کے لیے الگ اسکواڈ نامزد کیا گیا ہے، جبکہ 10 نومبر کو ہیملٹن میں تیسرے ون ڈے کے بعد مزید سات کھلاڑی آخری دو میچز کے لیے ٹیم میں شامل ہوں گے۔
والٹر نے کہا کہ ون ڈے ورلڈ کپ میں ایک سال باقی رہ جانے کے باعث یہ سیریز تیاری کا اہم موقع ہے۔ آخری ون ڈے میچز میں اضافی کھلاڑیوں کو آزمانے سے ٹیم کی صلاحیتوں کا اندازہ ہوگا، جبکہ کچھ کھلاڑی ٹیسٹ سیریز کی تیاری کے لیے پہلے ہی روانہ ہوجائیں گے۔