داسو پروجیکٹ کے منفی اثرات، عالمی بینک کی متاثرہ مقامی افراد کے خلاف انتقامی کارروائی سے گریز کی ہدایت
عالمی بینک نے پاکستانی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ داسو پن بجلی منصوبے سے متاثرہ ان افراد کو کسی قسم کی دھمکی یا انتقامی کارروائی کا نشانہ نہ بنایا جائے جنہوں نے منصوبے کے پہلے مرحلے کی ٹرانسمیشن لائن کے ممکنہ سماجی اثرات کے خلاف عالمی بینک کے آزاد انسپیکشن پینل میں شکایت درج کرائی ہے۔
سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم کے نام خط میں عالمی بینک کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار نے شکایت کنندگان، متاثرین اور گواہوں کو دھمکیوں، دباؤ اور انتقامی کارروائیوں سے محفوظ رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
شکایت کنندگان کا مؤقف ہے کہ وہ داسو پن بجلی منصوبے سے متاثر ہوئے ہیں یا اس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ منصوبے کی پہلے مرحلے کی ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر کے لیے عالمی بینک نے اضافی مالی معاونت بھی فراہم کی ہے۔
عالمی بینک نے کہا کہ شکایت کنندگان نے اپنی شکایت کے سلسلے میں انتقامی کارروائی کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ تاہم، بینک نے یہ وضاحت کی کہ عام طور پر اس کے پاس ایسے الزامات کی درستگی کی آزادانہ تصدیق کرنے کے وسائل موجود نہیں ہیں اور اس بات کے بھی کوئی شواہد نہیں ملے کہ کسی قابلِ شناخت اہلکار یا فرد نے انتقامی کارروائی کی ہو۔
عالمی بینک نے واضح کیا کہ اس کے مالی تعاون سے جاری منصوبوں کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کرنے والے افراد کو دھمکانے یا ان کے خلاف انتقامی کارروائی کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ بینک نے اس حوالے سے اپنی پالیسی کا حوالہ بھی دیا، جس کے تحت ایسے افراد کو انتقامی کارروائیوں سے تحفظ فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
عالمی بینک نے پاکستانی حکومت سے کہا ہے کہ وہ منصوبے پر عمل درآمد میں شامل تمام شراکت داروں، بالخصوص متعلقہ عمل درآمدی حکام کو یاد دہانی کرائے کہ ادارے کے مالی تعاون سے جاری منصوبوں کے بارے میں تحفظات کا اظہار کرنے والے افراد کا تحفظ یقینی بنانا اہم ہے۔
یہ شکایت انسپیکشن پینل میں جمع کرائی گئی ہے جو عالمی بینک کا ایک آزاد احتسابی نظام ہے۔ اس سے ایسے افراد رجوع کرسکتے ہیں جو سمجھتے ہیں کہ عالمی بینک کے مالی تعاون سے جاری کسی منصوبے کے باعث انہیں نقصان پہنچا ہے یا نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
عالمی بینک نے وضاحت کی کہ شکایت فی الحال تحقیقات کے مرحلے میں نہیں ہے۔ انسپیکشن پینل اس کی قابلِ سماعت ہونے کا جائزہ لے رہا ہے۔ اگر شکایت قابلِ سماعت قرار پاتی ہے تو پینل اس بات کا جائزہ لے گا کہ آیا اٹھائے گئے تحفظات مکمل تحقیقات کے متقاضی ہیں اور اس حوالے سے عالمی بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کو سفارش پیش کرے گا۔
تحقیقات کی اجازت دینے کا حتمی اختیار بورڈ کے پاس ہے۔ خط میں کہا گیا کہ پینل نے ابھی تک اس بارے میں کوئی جائزہ نہیں لیا اور نہ ہی سفارش پیش کی ہے کہ آیا مکمل تحقیقات ضروری ہیں۔
انسپیکشن پینل عالمی بینک کی انتظامیہ سے آزادانہ طور پر کام کرتا ہے اور براہِ راست بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کو رپورٹ کرتا ہے۔ اس کا مینڈیٹ یہ جانچنا ہے کہ آیا عالمی بینک نے اپنے مالی تعاون سے جاری منصوبوں میں اپنی پالیسیوں اور طریقۂ کار پر عمل کیا ہے یا نہیں۔
عالمی بینک نے حکومت کو یہ بھی آگاہ کیا کہ معائنہ کرانے کی درخواست سے متعلقہ دستاویزات ادارے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے دفتر کے ساتھ شیئر کردی گئی ہیں۔
یہ شکایت داسو پن بجلی منصوبے کے پہلے مرحلے کے لیے اضافی مالی معاونت سے متعلق ہے، بالخصوص ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر کے حوالے سے۔ اس میں منصوبے سے متاثرہ آبادیوں پر ممکنہ سماجی اثرات کے بارے میں تحفظات اٹھائے گئے ہیں۔
4,320 میگاواٹ کا داسو پن بجلی منصوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہ رن آف ریور نوعیت کا پن بجلی منصوبہ ہے۔
خط کی نقول چیئرمین واپڈا اور متعلقہ وزارتوں کے دیگر سینئر حکام کو بھی ارسال کی گئیں۔