✕
مارکٹس

پٹرول 2.31 روپے، ڈیزل 78 پیسے فی لیٹر مزید مہنگا

  • نئی قیمتیں جمعہ، 9 اکتوبر کیلئے نافذ العمل ہوں گی
شائع اپ ڈیٹ

پاکستانی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں مزید 2.31 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا، جس کے بعد نئی قیمت 398.96 روپے فی لیٹر ہوگئی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت 78 پیسے بڑھا کر 395.72 روپے فی لیٹر کردی گئی۔ نئی قیمتیں جمعہ، 9 اکتوبر 2026 کے لیے مؤثر ہوں گی۔

پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 396.65 روپے سے بڑھا کر 398.96 روپے فی لیٹر کردی گئی، جبکہ ڈیزل کی قیمت 394.94 روپے سے بڑھا کر 395.72 روپے فی لیٹر کردی گئی۔

وفاقی حکومت کے پیٹرولیم قیمتوں کے طریقہ کار کے تحت نظرثانی شدہ قیمتیں 9 اکتوبر 2026 کے لیے مؤثر رہیں گی۔

پیٹرولیم ڈویژن نے کہا کہ قیمتوں میں نظرثانی عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت کے باعث کی گئی، جس میں پلاٹس کی قیمتوں، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات میں تبدیلیاں شامل ہیں۔

بدھ کو حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 1.82 روپے فی لیٹر اضافہ کرتے ہوئے اسے 396.65 روپے کردیا تھا، جبکہ ڈیزل کی قیمت 91 پیسے کم کرکے 394.94 روپے فی لیٹر کردی تھی۔

عالمی سطح پر جمعرات کو تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔ خلیج اور آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملوں میں اضافے کے باعث مشرق وسطیٰ سے تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات برقرار رہے، جبکہ سمندری طوفان سے آف شور پیداوار کو خطرے کے پیش نظر امریکا نے پیداوار کم کردی۔

1205 جی ایم ٹی تک برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 4.55 ڈالر یا 4.54 فیصد بڑھ کر 104.75 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جو ایک ہفتے سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح ہے۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 4 ڈالر یا 4.53 فیصد اضافے سے 92.28 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جو 2 اکتوبر کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ دونوں معاہدوں کی قیمتیں کاروباری سیشن کے دوران اس سے قبل 5 ڈالر فی بیرل سے زیادہ بڑھ گئی تھیں۔