سام سنگ کا اے آئی بوم سے 80 بلین ڈالر منافع کا تخمینہ
- کمپنی کے مطابق مصنوعی ذہانت (اے آئی) چپس کی بڑھتی طلب کے باعث میموری چپس کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
سام سنگ الیکٹرانکس نے جمعرات کو رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں آپریٹنگ منافع 100 ٹریلین وون سے تجاوز کرنے کی پیش گوئی کی ہے، جو کسی ٹیکنالوجی کمپنی کے لیے پہلی بار ہوگا۔ کمپنی کے مطابق مصنوعی ذہانت (اے آئی) چپس کی بڑھتی طلب کے باعث میموری چپس کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
سام سنگ نے جولائی تا ستمبر سہ ماہی کے لیے 107.4 ٹریلین وون (تقریباً 80.17 بلین ڈالر) آپریٹنگ منافع کا تخمینہ لگایا ہے، جو ایل ایس ای جی کے 106.1 ٹریلین وون کے اندازے سے معمولی زیادہ ہے۔ یہ مسلسل چوتھی سہ ماہی ہوگی جس میں کمپنی ریکارڈ آپریٹنگ منافع حاصل کرے گی۔
عالمی سطح پر میموری چپس کی قلت، اے آئی انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری اور چپس کی قیمتوں میں اضافے نے سام سنگ کے منافع کو تقویت دی ہے۔ سام سنگ اور مائیکرون کے مطابق طلب و رسد کا یہ فرق 2028 تک برقرار رہ سکتا ہے، تاہم چینی مسابقت اور اے آئی سرمایہ کاری میں ممکنہ کمی مستقبل کی آمدنی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔
سام سنگ کے مطابق تیسری سہ ماہی کی آمدنی سالانہ بنیاد پر 127 فیصد بڑھ کر 195 کھرب وون رہنے کا امکان ہے۔ کمپنی تفصیلی مالی نتائج 29 اکتوبر کو جاری کرے گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق منافع میں اضافے کا بڑا حصہ میموری چپس سے حاصل ہوگا، جن میں مصنوعی ذہانت کے لیے ضروری ہائی بینڈوڈتھ میموری کی طلب بھی بڑھ رہی ہے۔ تاہم زیادہ مہنگے اجزا نے کمپنی کے اسمارٹ فون اور صارفین کی الیکٹرانکس کے کاروبار پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔