ڈی ڈبلیو پی گروپ کے سی ای او محمد فاروق نسیم پیما کے چیئرمین منتخب
- ایسوسی ایشن نے اپنے سالانہ جنرل اجلاس کے فوراً بعد نئی ایگزیکٹو کمیٹی اور عہدیداران کے انتخاب کا باضابطہ اعلان کردیا
ڈی ڈبلیو پی گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو محمد فاروق نسیم پاکستان الیکٹرانکس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پیما) کے چیئرمین منتخب ہوگئے۔
نسیم ایسوسی ایشن کی قیادت عمر احسن خان (چیف ایگزیکٹو، ڈاؤلینس) سینئر وائس چیئرمین اور محمد فیصل افضل (چیف ایگزیکٹو، سپر ایشیا) وائس چیئرمین کے ہمراہ کریں گے۔ ایسوسی ایشن نے اپنے سالانہ جنرل اجلاس (اے جی ایم) کے فوراً بعد نئی ایگزیکٹو کمیٹی اور عہدیداران کے انتخاب کا باضابطہ اعلان کردیا جن کی مدت فوری نافذالعمل ہوگئی ہے۔
پیما کو پاکستان کی گھریلو برقی آلات اور الیکٹرانک مصنوعات تیار کرنے والی صنعت کی نمائندگی کا اختیار حاصل ہے۔ اس وقت ایسوسی ایشن کی اسٹریٹجک توجہ برآمدات کے فروغ، حکومتی پالیسیوں کے حوالے سے مؤثر نمائندگی، مارکیٹ امور اور وینڈر ڈیولپمنٹ پر مرکوز ہے۔
نئی قیادت نے پاکستان کی الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ صنعت کو بین الاقوامی مسابقت اور برآمدی صلاحیتوں کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اسے وسعت دینے اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔