✕
کاروبار اور معیشت

بڑھتا تجارتی خسارہ باعثِ تشویش، برآمدات بڑھانے کیلئے حکمتِ عملی ناگزیر، یو بی جی

  • درآمدات میں تیز رفتار بڑھوتری ملک کے تجارتی توازن کیلئے بدستور ایک بڑا چیلنج ہے، زبیر طفیل
شائع اپ ڈیٹ

یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے صدر زبیر طفیل نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ 10.8 ارب ڈالر تک پہنچنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ستمبر 2026 میں برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم درآمدات میں تیز رفتار بڑھوتری ملک کے تجارتی توازن کیلئے بدستور ایک بڑا چیلنج ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ حکومت کو برآمدات بڑھانے کے لیے فوری اور جامع حکمتِ عملی اپنانے کے ساتھ درآمدی بل کو مؤثر انداز میں منظم کرنا ہوگا، کیونکہ مسلسل بڑھتا ہوا تجارتی خسارہ ملک کے زرمبادلہ ذخائر اور بیرونی ادائیگیوں کی ذمہ داریوں پر دباؤ بڑھا سکتا ہے۔

زبیر طفیل نے حکومت پر زور دیا کہ برآمدی صنعتوں کو زیادہ مسابقتی بنانے کے لیے بجلی، گیس اور دیگر پیداواری لاگت کم کی جائے، صنعتی خام مال اور ضروری مشینری کی درآمد میں سہولت فراہم کی جائے اور برآمد کنندگان کو ریفنڈز کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کے لیے صرف ٹیکسٹائل ہی نہیں بلکہ آئی ٹی، انجینئرنگ، فارماسیوٹیکلز، چاول، چمڑے، کھیلوں کے سامان، جراحی کے آلات اور دیگر ویلیو ایڈڈ شعبوں پر بھی خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔