✕
کاروبار اور معیشت

ستمبر کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 2 فیصد کمی

  • رواں ماہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی مجموعی فروخت سالانہ 8 فیصد کمی کے ساتھ 1.25 ملین ٹن رہ گئی، ٹاپ لائن سیکیورٹیز
شائع اپ ڈیٹ

ستمبر 2026 کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت سالانہ بنیادوں پر 2 فیصد کمی کے بعد 1.35 ملین ٹن رہ گئی جس کی بنیادی وجہ ڈیزل اور پٹرول کی فروخت کے حجم میں کمی ہے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق فرنس آئل کو نکال کر رواں ماہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (اوایم سیز) کی مجموعی فروخت سالانہ بنیاد پر 8 فیصد کمی کے ساتھ 1.25 ملین ٹن رہ گئی۔

تاہم ستمبر میں فرنس آئل کی فروخت سالانہ بنیادوں پر 601 فیصد اضافے کے ساتھ 93,000 ٹن تک پہنچ گئی جبکہ ایک سال قبل یہ صرف 13,000 ٹن تھی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت سالانہ بنیادوں پر 11 فیصد کمی سے 525,000 ٹن رہی جبکہ پٹرول کی فروخت کا حجم 5 فیصد کم ہو کر 652,000 ٹن رہ گیا۔ دیگر پٹرولیم مصنوعات کی فروخت بھی 8 فیصد کمی کے ساتھ 76,000 ٹن رہی۔

ماہانہ بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت میں 7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت کا حجم 25 فیصد بڑھ کر 525,000 ٹن ہو گیا۔ ماہ کے دوران فرنس آئل کی فروخت میں 5 فیصد جبکہ پٹرول کے حجم میں 2 فیصد کمی ہوئی۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے کہا کہ ماہانہ بنیادوں پر اضافے کی بنیادی وجہ موسمی عوامل کے باعث ماہ کے دوران ڈیزل کی فروخت کے حجم میں اضافہ ہے۔

مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی کے دوران آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کی مجموعی فروخت سالانہ 6 فیصد اضافے سے 4.12 ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.89 ملین ٹن تھی۔ اس اضافے کی بنیادی وجہ فرنس آئل کی فروخت میں 470 فیصد اضافہ ہے۔

تاہم فرنس آئل کو خارج کر دیا جائے تورواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں فروخت تقریباً مستحکم رہی اور 3.85 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی جو ایک سال قبل بھی 3.85 ملین ٹن تھی۔

بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں میں پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی ستمبر میں فروخت سالانہ بنیادوں پر 12 فیصد اضافے کے ساتھ 639,000 ٹن رہی جس میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت کے حجم میں 9 فیصد اور پٹرول کی فروخت میں 15 فیصد اضافہ ہوا۔ پی ایس او کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر بھی 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اٹک پیٹرولیم لمیٹڈ (اے پی ایل) کی فروخت 116,000 ٹن رہی جو سالانہ بنیادوں پر غیر تبدیل شدہ ہے جبکہ وافی انرجی پاکستان کی فروخت کا حجم 6 فیصد کمی کے ساتھ 110,000 ٹن رہا۔

حیسکول پیٹرولیم کی فروخت سالانہ بنیادوں پر 14 فیصد کمی سے 37,000 ٹن رہی، جس میں پٹرول کی فروخت کے حجم میں 26 فیصد کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 15 فیصد اضافہ ہوا۔

مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی کے دوران پی ایس او کی مجموعی فروخت سالانہ بنیادوں پر 18 فیصد اضافے سے 1.91 ملین ٹن رہی جبکہ اے پی ایل کی فروخت کا حجم 11 فیصد اضافے کے ساتھ 364,000 ٹن ہو گیا۔ وافی کی فروخت 6 فیصد اضافے سے 348,000 ٹن رہی جبکہ حیسکول کی فروخت کا حجم 12 فیصد کمی کے ساتھ 114,000 ٹن ریکارڈ کیا گیا۔