بھارت، کاکروچ جنتا پارٹی، طلبہ گروپس کا احتجاج، چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ
- مظاہرین کا الزام ہے کہ الیکشن کمیشن نے ووٹر فہرستوں میں ایسی تبدیلیاں کیں
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو جمعہ کے روز ایک بار پھر دباؤ کا سامنا ہوگا، جب کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) اور طلبہ و سماجی کارکنوں کے الگ اتحاد کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ مظاہرین متنازع ووٹر فہرستوں میں نظرثانی پر الیکشن کمیشن کے سربراہ گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
سی جے پی ممبئی میں احتجاج کرے گی اور آنے والے دنوں میں ملک بھر میں مظاہروں کا دائرہ بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے، جبکہ طلبہ اور سول سوسائٹی گروپس نئی دہلی کے جنتر منتر پر جمع ہوں گے۔
مظاہرین کا الزام ہے کہ الیکشن کمیشن نے ووٹر فہرستوں میں ایسی تبدیلیاں کیں جن سے مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو فائدہ پہنچا۔ الیکشن کمیشن اور حکومت نے الزامات مسترد کیے ہیں۔
دوسری جانب کمیشن کا کہنا ہے کہ ووٹر تصدیق کی مشق کا مقصد جعلی، انتقال کر جانے والے یا نااہل ووٹرز کو فہرستوں سے نکالنا اور انتخابی فہرستوں کی درستگی یقینی بنانا ہے۔